میچ کی نمایاں خصوصیت فاتح ٹیم کی جانب سے اوپنر فہد جبار اور عاطف احمد کی شاندار نصف سنچریاں
ناکام سائیڈ کے کپتان احمد ارشد کی ہیٹ ٹرک اور52 رنز کی عمدہ باری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) اے سی ایم گولڈ میمن سپر لیگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں گیگا گلیڈیٹرر(GIGI GLADIATORS)نے بینیتوز پینتھرز (BENITOZ PANTHERS) کو 45رنز سے شکست دیدی۔ میچ کی نمایاں خصوصیت فاتح ٹیم کی جانب سے اوپنر فہد جبار اور عاطف احمد کی شاندار نصف سنچریاں اور ناکام سائیڈ کے کپتان احمد ارشد کی آل راؤنڈ پرفارمنس تھی، جس نے ہیٹ ٹرک اسکور کرتے ہوئے بیٹنگ میں52 رنز کی عمدہ باری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی۔راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ گلبرگ میں جاری اے سی ایم گولڈ میمن سپر لیگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں گیگاگلیڈیٹرر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20 اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر185 رنز بنائے،ابتدائی مرحلے میں بلے بازوں کی ناکامی کے بعد اوپنر فہد جبار اور عاطف احمد نے تیسری وکٹ پر166 رنز کی شاندار رفاقت ک کی بدولت اپنی ٹیم کے اسکورکو185 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فہد جبار نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چھکے اور11 چوکوں کی مدد سے59 گیندوں پر 92رنزکی عمدہ اننگ کھیلی ،فہد جبار کی8 کمی سے لیگ کی دوسری سنچری بنانے سے محروم رہے،ان کا ساتھ عاطف احمد نے دیا جس نے 78رنز53 گیندوں پر اسکور کئے جس میں تین چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔گیگا کے چار کھلاڑی صفر پر پولین لوٹ گئے،صفر پر آؤٹ ہونے والوں میں علی جیوانی، شاکر سارنگ، انس احمد اور سمیر پیٹل شامل ہیں۔ بینیتوزپینتھرز کے کپتان نے میچ میں31 رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے، مدنی وقاص راجہ نے 17رنز کے عوض2 وکٹ لئے۔جواب میں186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پینتھرز کی ٹیم مقررہ20 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر140 رنز بناسکی۔ اسماعیل عزیز نے19 رنز15 گیندوں پر اسکور کئے،اس میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھا۔ کپتان احمد ارشد نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں اپنی کارکردگی کے بھرپور جوہر دکھائے اور 42گیندوں پر ایک چھکے اور 5چوکوں کی مدد سے52 رنز بناکر نمایاں اسکور رہے۔ مصطفی فتانی نے20 رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو اپنا شکار کیا، سلمان آصف نے 25رنز کے عوض2 وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ عدنان غازی، احمد موٹن اور انس احمد نے بھی ایک ایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔