پاکستان کے پہلے3ڈی ٹی ایچ لائسنسوں کے اجراء کی بولی 4ارب روپے سے بڑھ گئی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان کے پہلے3ڈی ٹی ایچ لائسنسوں کے اجرا ء کیلئے بولی اندازوں سے کہیں زیادہ ،تقریبا 4ارب12کروڑ روپیسے بڑھ گئی ہے ، کامیاب بولی دینے والوں کو تین اقساط میں ادائیگی کرنا ہوگی،پہلی قسط 15 فیصد دوسری 50 فیصد جبکہ بقیہ 35 فیصد تیسری قسط میں ادا ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹر اتھارٹی (پیمرا)کے زیر اہتمام پاکستان کے پہلے3ڈی ٹی ایچ لائسنسوں کے اجرا ء کیلئے مقامی ہوٹل میں نیلامی ہوئی ، اس موقع پر چیئر مین پیمرا ابصار عالم،چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ،ممبر پیمرا اتھارٹی خیبر پختونخواہ شاہین حبیب اللہ،ممبر پنجاب نرگس ناصر سمیت نیلامی میں حصہ لینے والی کمپنیوں کے حکام نے شرکت کی۔ نیلامی میں 12شارٹ لسٹ کمپنیوں میں سے 11کمپنیوں نے حصہ لیا ،شارٹ لسٹ میسٹرو میڈیا کمیونیکیشن نے نیلامی میں حصہ نہیں لیا۔ ڈی ٹی ایچ کی نیلامی میں حصہ لینے والی کمپنیوں میں سے 8 کا تعلق اسلام آباد، 2 لاہور اور ایک کراچی سے تھا۔ پاکستانی ڈی ٹی ایچ کی نیلامی کا عمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کرنے اور سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلے کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوئی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے ڈی ٹی ایچ کی نیلامی کیلئے مشروط اجازت کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین پیمرا ابصار عالم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا ہے،ہم بہت محنت اور مشکلات سے یہاں تک پہنچے ہیں،آج کا دن ہمارے لئے تاریخی ہے ، اپنی ٹیم اور میڈیا کا مشکور ہوں ،میری ٹیم نے انتھک محنت کی ہے انکا شکریہ ادا کرتا ہوں، اللہ کا شکر گزار ہوں کہ سب کی محنت رنگ لائی ،ڈی ٹی ایچ کی نیلامی پاکستان کے لئے لینڈ مارک کی حیثیت رکھتا ہے،ڈی ٹی ایچ کی نیلامی کو انتہائی شفاف بنایا گیا ہے۔پاکستانی ڈی ٹی ایچ کی نیلامی کے آغاز میں ایچ بی ڈی ٹی ایچ نے 220 ملین،آئی کیو کمیونیکیشن نے 202 ملین ،میگ انٹر ٹینمنٹ نے 206 ملین ،نیاٹیل پرائیویٹ لمیٹڈ نے 200 ملین، اورینٹ الیکٹرونک پرائیویٹ لمیٹڈ نے 210 ملین،پارس میڈیا نے 200 ملین کی،سردار بلڈرز نے 202 ملین،شہزاد اسکائے نے 210 ملین ،اسکائی فلیکس نے 210 ملین ،اسمارٹ اسکائی نے 200 ملین اور اسٹارٹ ٹائمز نے 220 ملین کی بولی لگائی۔ ڈی ڈی ٹی ایچ نیلامی میں کامیاب بولی دینے والوں کو تین اقساط میں ادائیگی کرنا ہوگی،پہلی قسط 15 فیصد دوسری 50 فیصد جبکہ بقیہ 35 فیصد تیسری قسط میں ادا ہونگے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.