سعودی عرب کی فضاؤں میں اب پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر راج کریں گے

اسلام آباد: 

سعودی فضائیہ (رائل سعودی ایئرفورس) پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں میں دلچسپی لے رہی ہے اور یہ طیارے بڑی تعداد میں خریدنے کی خواہش مند بھی ہے۔

خبروں کے مطابق اس خواہش کا اظہار سعودی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل محمد صالح العتیبی نے دو روز پہلے اپنے دورہ پاکستان میں کیا ہے تاہم پاک فضائیہ کے ذرائع سے اب تک اس کی کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔

قبل ازیں پاکستان میں سعودی عرب کے موجودہ سفیر عبداللہ مرزوق الظہرانی کے حوالے سے بھی ایسی خبریں آچکی ہیں کہ سعودی حکومت، پاکستانی دفاعی مصنوعات میں دلچسپی لے رہی ہے لیکن یہ پہلا موقعہ ہے کہ جب خاص طور پر سعودی فضائیہ کےلئے جے ایف 17 تھنڈر کی ممکنہ خریداری سے متعلق کوئی خبر شائع ہوئی ہے۔

دفاعی تجزیہ نگار اس خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ سعودی فضائیہ کے بھاری لڑاکا طیاروں میں ایف 15، یوروفائٹر ٹائفون اور پاناویا ٹورنیڈو شامل ہیں جب کہ ہلکے لڑاکا طیاروں میں اس کے پاس پرانی قسم کے ’’ایف 5 ای ٹائیگر II‘‘ ہی موجود ہیں جو نارتھروپ گرومین کے تیار کردہ ہیں۔

چونکہ پاکستان کا جے ایف 17 تھنڈر ہلکے اور کثیرالمقاصد لڑاکا طیاروں ہی سے تعلق رکھتا ہے، اس لئے ممکنہ طور پر یہ سعودی فضائیہ میں ان ہی پرانے ایف 5 لڑاکا طیاروں کی جگہ لے گا۔ پاکستانی ’’تھنڈر‘‘ کی خریداری سے سعودی فضائیہ کو بہ یک وقت دو فائدے ہوں گے: اخراجات میں کمی اور جدید طیاروں کا حصول۔

یہ بات اس لئے بھی درست ہے کیونکہ جے ایف 17 تھنڈر میں نہ صرف جدید ترین ریڈار نصب کرنے کی تیاری ہے بلکہ یہ حدِ نظر سے دور تک، فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں (BVRAAM) سے بھی لیس کیا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں اسے استعمال میں رکھنے کی لاگت (آپریشنل کاسٹ) بھی بہت کم ہے۔

یہ بھی ممکن ہے کہ سعودی عرب، پاکستان سے دو نشستوں والے ’’جے ایف 17 بی‘‘ خریدے تاکہ انہیں اپنے پائلٹوں کی تربیت کے علاوہ زمینی اہداف کے خلاف مخصوص کارروائیوں میں بھی استعمال کرسکے۔ واضح رہے کہ ’’جے ایف 17 بی‘‘ کی اوّلین پروازیں اس سال کے اختتام تک متوقع ہیں۔

یہ امکان بھی بعید از قیاس نہیں کہ سعودی عرب، پاکستان سے دونوں طرح کے (یک نشستی اور دو نشستی) جے ایف 17 لڑاکا طیارے بتدریج خریدنا چاہتا ہو۔ یہ نکتہ اس لئے بھی قابلِ توجہ محسوس ہوتا ہے کیونکہ اس وقت یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی افواج کو مسلسل مزاحمت کا سامنا ہے۔ حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائیاں سب سے مؤثر ثابت ہورہی ہیں لیکن اس ضمن میں امریکی اور یورپی لڑاکا طیاروں کے اخراجات سعودی عرب پر بھاری اقتصادی بوجھ کے طور پر مسلط ہیں جسے کم کرنا بہت ضروری ہے۔ پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے یہاں بھی کم خرچ بالا نشین حل کا درجہ رکھتے ہیں۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.