دارالحکومت پر حملہ آور فسادیوں کا خاتمہ کردیا گیا، وزیراعظم نواز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فسادی ہتھیار لے کر دارالحکومت پر حملہ آور ہوئے، الحمد للّٰہ فساد کا خاتمہ کردیا گیا، لشکر کشی سے نمٹنے کے لیے سپہ سالار نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت بیلاروس سے معاہدے کر رہی تھی اور فسادی ہتھیار لے کر دارالحکومت پر حملہ آور تھے۔

انہوں نے کہا کہ کل اسلام آباد میں جو فساد برپا کیا گیا، اس کا ملک بھر کی معیشت کو نقصان پہنچا، اس کا احسن طریقے سے خاتمہ کردیا گیا، سیکورٹی اداروں نے شرپسندوں پر قابو پایا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2014 سے پہلے اسلام آباد پر چڑھائی کا کوئی تصور تک نہ تھا،اسلام آباد میں تحریک انتشار نے فساد برپا کیا۔

اُن کا کہنا تھاکہ جب بھی غیر ملکی مہمان پاکستان آتے ہیں، یہ فسادی ان کے دوروں کو سبوتاژ کرنے پر عمل پیرا ہوجاتے ہیں۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ2014 میں جب چینی صدر شی جن پنگ پاکستان آرہے تھے، تب فسادیوں نے 126 دن تک تباہی کی،شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر بھی فسادیوں نے فساد پھیلانے کا پورا پروگرام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ 9مئی کے مجرموں کو عدالتوں سے سخت سزائیں مل جاتیں تو آج ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتے، سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے اسلام آباد پر لشکرکشی سے نمٹنے کےلیے ہمیں بھرپور تعاون فراہم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ معیشت بچانے کےلیےسخت فیصلے کرنا ہوںگے،ہمیں پاکستانی معیشت بچانی ہے یا آئے دن دھرنوں کا سامنا ہی کرتے رہنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فساد کے نتیجے میں جو معیشت کو نقصان پہنچا وہ آپ کے سامنے ہے،کاروبار بند تھا، مزدور اور دکاندار دہائیاں دے رہے تھے،جڑواں شہروں میں بھی زندگی معطل ہوچکی تھی۔

شہبا زشریف نے کہا کہ ہمارا اسٹاک ایکسچینج چند دن پہلے 99ہزار سے اوپر چلا گیا تھا،صرف کل ایک دن میں فسادیوں کی وجہ سے اسٹاک ایکسچینج نے غوطہ کھایا اور 4 ہزار پوائنٹس نیچے گیا جو آج پھر 4 ہزار کے قریب اوپر جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھرمیں اصول ہے سرمایہ کاری وہاں ہوتی ہے جہاں امن و سکون ہو، آخری 48 گھنٹے میں فیصلہ ہوا فوج سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالے گی۔

About BLI News 3248 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.

Be the first to comment

Leave a Reply