پارلیمنٹ کے قانون پر عدالتی حکم امتناع کیخلاف پاکستان بار کونسل کا آج یوم سیاہ منانے کا اعلان

اسلام آباد (بی ایل ٰآئی) پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ کی جانب سے سپریم کورٹ بل پر حکم امتناع دینے کیخلاف (آج) منگل کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ بڑے عرصے وکلا برادری کے مطالبے کو وفاقی حکومت کی طرف سے منظور کئے گئے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 کی حمایت کرتے ہیں اور اس بل کی بقا کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینا پڑی تو دریغ نہیں کرینگے، کسی گھس بیٹھیے کو حقوق غصب کرنے نہیں دینگے ،بل کی بقا کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،ازخود نوٹس کے اختیار کے استعمال سے ملک کو نقصان ہوا، 2 ججز کے از خود نوٹس پر انتخابات کا از خود نوٹس لیا گیا، پنجاب اور خیبر پختونخوا انتخابات کا معاملہ ہائیکورٹس میں زیر التوا تھا۔ان خیالات کا اظہار وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل ہارون الرشید، سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی حسن رضا پاشا نے سپریم کورٹ میڈیا ڈائس پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ہارون الرشید نے کہا پاکستان بار کونسل، صوبائی بار کونسلوں کے عہدیداران کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ازخود نوٹس کے اختیارات چیف جسٹس صاحبان اپنے لیے استعمال کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس صاحبان کے ازخود نوٹس کے اختیار کے استعمال سے ملک کو نقصان ہوا، 2 ججز کے از خود نوٹس پر انتخابات کا از خود نوٹس لیا گیا، پنجاب اور خیبر پختونخوا انتخابات کا معاملہ ہائیکورٹس میں زیر التوا تھا، سپریم کورٹ کو خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلیاں کیوں توڑی گئیں، اس پر از خود نوٹس لیا جانا چاہیے تھا مگر اسکے برعکس ایک جماعت کی مرضی آگے چلاتے ہوئے از خود نوٹس لیا گیا۔وکلا نمائندگان نے کہا کہ تمام ادارے حدود میں رہتے ہوئے کردار ادا کریں، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے ذریعے پارلیمنٹ نے اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے اپیل کا حق دیا، از خود نوٹس کیلئے قوانین بننے چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ انڈین سپریم کورٹ بننے سے آج تک چیف جسٹس نے صرف 2 ازخود نوٹس لیے، سپریم کورٹ کے حکم امتناعی پر احتجاج ریکارڈ کروائینگے، عدالت حکم امتناعی واپس نہ ہوا تب تک احتجاج جاری رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بار کونسل نے منگل 18 اپریل کو ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام بار ایسوسی ایشنوں کا کامیاب اجلاس کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وکلا برادری 2 دہائیوں سے از خودنوٹس میں اپیل مانگ رہی ہے، حکومت کے بل میں وکلا کے مطالبات منظور کئے گئے ہیں، سپریم کورٹ کی فل باڈی نے گزشتہ سال پانچ ججز کی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی حسن رضا پاشا نے کہا کہ کانفرنس میں 10 بار ایسوسی ایشنوں کے صدور نے شرکت کی، ایک سیاسی جماعت کہہ رہی ہے کہ وکلا کی تحریک شروع ہو رہی ہے، جو لوگ کسی بار کے صدر بھی نہیں بنے وہ کیسے تحریک شروع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین جج صاحبان نے سپریم کورٹ کے جج بننے پر اعتراض کیا تھا، خود کو وکلا برادری کا خود ساختہ نمائندہ ظاہر کرنے والے 2007 کی وکلا تحریک میں سابق آمر مشرف کی نمائندگی کر چکے، ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ وکلا برادری کسی گھس بیٹھیے کو اپنے حقوق غصب نہیں کرنے دیگی۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.

Be the first to comment

Leave a Reply