سندھ میں گورنرراج کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، شیخ رشید

کراچی( بی ایل ٰآئی )وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج کی خبریں بے بنیاد ہیں، کراچی کے دورے کا مقصد امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینا ہے۔ وزیر اعلی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید وزیر اعظم کی ہدایت پردوروزہ دورے پر کراچی پہنچ گئےہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ امن وامان کی صورتحال پر رینجرز ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے ہنگامی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفت گو میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں گورنر راج کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، کراچی آنے کا مقصد امن و امان کی صورت حال کو دیکھنا ہے۔

اس کے علاوہ وزیر داخلہ امن و امان کے حوالے سے سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے ان کا استقبال کیا۔

شیخ رشید نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن سے ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر انہیں بریفنگ دی گئی، سندھ میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

بعد ازاں وزیر داخلہ نے ڈی جی رینجرز کی طرف سے کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ رینجرز کا کراچی میں امن و امان کے حوالے سے کردار بہت قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پرامن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے سندھ آیا ہوں، کراچی پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، امن و امان یقینی بنائیں گے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے اور وفاق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد شاہ سےکل طے ہونے والی ملاقات میں صوبے میں امن وامان اور وفاق سے جڑے امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ جس کے بعد وزیرداخلہ شیخ رشید کی گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بھی ون آن ون ملاقات ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو ہدایت دی تھی کہ وہ سندھ کا دورہ کریں اور سیکیورٹی اداروں سے مل کر امن و امان کی مخدوش صورتحال سے متعلق رپورٹ تیار کریں اور اس کے سدباب کے لیے حکمت عملی تیار کرکے پیش کریں۔

About BLI News 3253 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.

Be the first to comment

Leave a Reply