
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اسلام آباد کے انڈر پاسز اور پلوں کو ثقافتی گلدستے بنا کر ایک نیا رنگ دے دیا جس کے بعد ان پر وال چاکنگ کا راستہ بھی بند ہوگیا ہے۔
اتھارٹی کے اس اقدام کے بعد اسلام آباد میں بدلے بدلے سے لیکن جاذب نظر در و دیوار نظر آتے ہیں اور شہر کا یہ نیا رنگ و روپ دیکھ کر شہری بھی خوشگوار حیرت میں مبتلا ہیں۔
سی ڈی اے کے ممبر فنانس رانا شکیل کا کہنا ہے کہ ہم مختلف کلچرل فلوٹس بنا کر شہر کی مختلف جگہوں پر رکھیں گے اور ان علاقوں کی ثقافتی خصوصیات جیسے کہ رہن سہن، کھانا پینا، لباس اور رسم و رواج وغیرہ کی عکاسی بھی کی جائے گی۔
اسلام آباد کے پلوں اور انڈر پاسز پر جہاں حسین نظارے بکھرے وہیں دیواروں پر بدنما وال چاکنگ اور اشتہارات کے دھبوں سے بھی نجات مل گئی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جو آرٹ ورک ہوا ہے وہ خوشگوار لگتا ہے اور ان کا مزاج پر بھی بہت اچھا اثر پڑ رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد ہمارا دارالخلافہ ہے اور ان راستوں سے غیر ملکی بھی گزرتے رہتے ہیں لہٰذا یہ آرٹ ورک ہماری ثقافت کی عکاسی کرنے کے علاوہ ان پر ہمارا مثبت اور خوشگوار تاثر بھی قائم کرے گا۔
سی ڈی اے حکام کہتے ہیں وفاقی دارالحکومت کی سجاوٹ اور اسے ثقافتی رنگوں میں رنگنے کا سلسلہ تو ابھی شروع ہی ہوا ہے، اس میں پیش رفت جاری رہے گی۔
Be the first to comment