تعمیرات سیکٹر کا فروغ اور غریب طبقے کو چھت فراہم کرنا ایک قومی خدمت ہے، وزیراعظم

تعمیرات سیکٹر کا فروغ اور غریب طبقے کو چھت فراہم کرنا ایک قومی خدمت ہے، وزیراعظم

اسلام آباد( بی ایل ٰآئی ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ غریب آدمی کو اپنا گھر بنانے کیلئے کمرشل بینک قرضے فراہم کر رہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈیویلپمنٹ کا ہفتہ واراجلاس ہوا۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ تمام کمرشل بینکوں کے ساتھ مل کر اسٹیئرنگ کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں آسان قرضوں کے حصول کے طریقہ کارکا جائزہ لیا جاتا ہے۔ کمرشل بینکوں نے ملک بھرمیں 7ہزار 700 شاخوں میں گھر تعمیر کرنے کیلئے قرضے فراہم کرنے کی سہولت شروع کردی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کمرشل بینکوں کو قرضوں کے حصول کیلئے کثیر تعداد میں درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔ اسٹیٹ بینک نے شکایات کے ازالے کیلئے کمپلینٹ پورٹل کا اجراء کردیا ہے۔

ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک نے بتایا کہ کمرشل بینکوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے اسٹیٹ بینک نے طریقہ کار وضع کیا ہے اور اس عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے تعمیرات کو فروغ دینے پر کمرشل بینکوں کی طرف سے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ غریب آدمی کو اپنا گھر بنانے کیلئے کمرشل بینک قرضے فراہم کر رہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔

عمران خان نے کہا کہ تعمیرات سیکٹر کا فروغ اور غریب طبقے کو اپنی چھت فراہم کرنا ایک قومی خدمت ہے۔ انہوں نے آگاہی مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

بینکوں کے سربراہان نے حکومت کو اس اہم قومی پروگرام کی تکمیل کیلئے مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

سیکریٹری توانائی نے اجلاس کو ہاؤسنگ منصوبوں کیلئے بجلی فراہم کرنے کے بارے میں بریفنگ دی۔ نائب چیئرمین ایل ڈی اے نے اجلاس کو ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان ہاؤسنگ اپارٹمنٹس لاہور کے بارے میں آگاہ کیا۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.

Be the first to comment

Leave a Reply