اسلام آباد(بی ایل ٰآئی) وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ملکی نظام کی تباہی کی ذمہ دار اپوزیشن ہے۔ (ن) لیگ نے تمام اداروں کو اپنے مفادات کیلئے کمزورکیا۔
شہبازشریف کی پریس کانفرنس کے جواب میں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن اپنی اہلیت کا کوئی جواز پیش نہیں کرسکی، شہبازشریف نے جن باتوں کی نشاندہی کی ان کے ذمہ دار وہ خود ہیں، عوام نے اپوزیشن کو رد کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کی باتوں سےلگتا ہے کہ وہ کسی اور ملک میں رہتے تھے، اشرافیہ کے نمائندے ہمیں طعنے دے رہے تھے، آئی پی پیز کےساتھ معاہدے ان کے دور میں ہوئے اور اسی وجہ سےبجلی مہنگی ہوئی، اگر آج بجلی مہنگی ہے یا مزید مہنگی ہوگی تواس کی ذمہ دار بھی پچھلی حکومت ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا تھا کہ جتنا مال بنا سکتے ہو بناؤ، اپنے فائدے کیلئے ان لوگوں نے ہر ادارے کواستعمال کیا، صحت، تعلیم اور دیگر اداروں کی تباہی کے ذمہ دار بھی یہی لوگ ہیں، ملکی نظام کی تباہی کی ذمہ دار اپوزیشن ہی ہے۔
وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سخت فیصلے نہ کرتے تو ملک تباہی کی طرف چلا جاتا، 2 سال میں 10 ارب ڈالر قرض واپس کیا، پچھلی دور کی لوٹ مار روکنے کیلئے ہمیں سخت فیصلےکرنا پڑے، پہلی بارتاریخ میں ہر وزیر نےکارکردگی بیان کی ہے۔
Be the first to comment