کراچی(بی ایل آٸی)پاکستان فلم اور ٹی وی انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ صبا قمر نے اپنے یوٹیوب چینل پر تیسری قسط ’چسکا نیوز وِد صبا قمر اینڈ شاہ ویر جعفری‘ جاری کردی لیکن ساتھ ہی اداکارہ نے کمزور دل افراد کو ویڈیو سے دور رہنے کی گزارش بھی کی ہے۔
پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر شاہ ویر جعفری کے ہمراہ اپنے یوٹیوب چینل پر’چسکا نیوز وِد صبا قمر اینڈ شاہ ویر جعفری‘ کے عنوان سے نئی ویڈیو شیئر کی۔
اداکارہ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سستی ریٹنگ کیلئے محلے کی پھپھی کا کردار ادا کرنے سے گریز کریں اور محبتیں پھیلائیں۔
ویڈیو بعنوان ’چسکا نیوز وِد صبا قمر اینڈ شاہ ویر جعفری‘ کے آغاز میں ایک مزاحیہ ڈسکلیمراسکرین پر نمودار ہوتا ہے جس میں صبا قمر کہتی ہیں کہ ’چسکا نیوز شروع کرنے سے پہلے اُن افراد سے گزارش ہے جن کے حسِ مزاح کو زنگ لگ چکا ہے وہ تیل لگائیں یا پھر میرے چینل کو سبسکرائب کریں ۔‘
ڈسکلیمر میں اداکارہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اُن کا مواد صرف ان کے پرستاروں کیلئے ہے، باقی لوگ یوٹیوب پر موجود دیگر چینلز پر جا کر اپنے وقت کا ضیاع کریں۔
’چسکا نیوز ‘ کے نیوز بلٹن کے آغاز میں صبا قمر نے معروف تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ہماری قوم نے اس سیریز سے محض ’ارطغرل غازی‘ ارطغرل نسوار‘ ارطغرل سروس اسٹیشن‘جیسے دیگر نام رکھنا ہی سیکھے ہیں۔
انہوں نے اس حوالے سے مزید یہ بھی کہا کہ پاکستانی اس سیریز سے اور کچھ سیکھیں نہ سیکھیں 2020میں پاکستان کے ہر گھر میں ایک ارطغرل خان، ارطغرل بھٹی، ارطغرل شیخ، ارطغرل وڑائچ اور اسی قسم کے دوسرے نام کثرت سے ملنے کے امکانات ہیں۔
حالیہ بہترین ٹاپ ریٹنگ پر چلنے والے پانچ ڈراموں کا تذکرہ کرتے ہوئے اداکارہ نے عمراکمل کی سوشل میڈیا پر کافی عرصے تک ٹرینڈ کرنے والی ایک مزاحیہ پوسٹ کو ڈراموں کی فہرست میں پانچواں نمبر دیا، میرا جی کا نیویارک سے وزیر اعظم کے نام ’وطن واپس آکر مرنا چاہتی ہوں‘ کے ویڈیو پیغام کو چوتھا نمبر دیا۔
حالیہ مشہور ڈراموں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ’کورونا میں شادی ‘ رہا، جس میں اداکارہ نے کورونا کے دوران شادی کرنے والے شوبز ستاروں کا تذکرہ کیا۔
’چسکا نیوز ‘ میں اداکارہ نے مذکورہ خبروں کی تفصیلات بھی انتہائی مزاحیہ انداز میں پیش کیں اور کچھ تلخ حقیقتوں کو مزاح کا سہارا لیتے ہوئے سامنے لانے کی کوشش کی۔
ویڈیو میں صبا قمر رویت ہلال کمیٹی اور فواد چوہدری کے چاند پر بحث پر بھی نظر ڈالنا نہ بھولیں اور آخر میں انہوں نے کورونا سے بچاؤ کے پیش نظر گھروں پر رہنے، بچوں بڑوں کا خیال رکھنے، بار بار ہاتھ دھونے، شاپنگ سے پرہیز کرنے اور کورونا سے مکمل احتیاط کرنے کا بھی مشورہ دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر نے حال ہی میں اپنا یوٹیوب چینل لانچ کیا تھا جس کے حوالے سے اداکارہ نے بتایا تھا کہ وہ اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے نئے ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع دیں گی۔
مداحوں سے منسلک رہنے اور انہیں کچھ نیا مواد میسر کرنے کیلئے اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی پہلی قسط میں اداکارہ نے کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاؤن میں تنہائی بیان کی تھی۔
یوٹیوب چینل پرشیئر کی گئی دوسری ویڈیو میں انہوں نے ایک ایسا مزاحیہ شو پیش کیا تھا جہاں نامور شخصیات سے عجیب و غریب سوالات پوچھے جاتے ہیں۔
Be the first to comment