جاپان(بی ایل آٸی)
کوڈک کمپنی نے دنیا کا سب سے بڑا تجارتی جگسا پزل تیار کیا ہے جو آپ کے صبر کا امتحان بھی ہوسکتا ہے۔ جگسا پزل میں مجموعی طور پر 51300 ٹکڑے شامل ہیں جو دنیا کے تاریخی مقامات پر مبنی اہم علاقوں کی تصاویر کو ظاہر کرتے ہیں۔
اسے ’دنیا کے سب سے بڑے جگسا پزل‘ کا نام دیا گیا ہے جسے اب خریدا بھی جاسکتا ہے۔ اس میں دنیا کے اہم تاریخی اور سیاحتی مقامات کی تصاویر شامل ہیں جنہیں بہترین فوٹوگرافر نے کھینچا ہے۔ لیکن اسے پھیلانے اور بنانے کےلیے بہت وسیع کمرہ نما ہال درکار ہوگا ۔ اگر آپ تمام تصاویر کو جوڑنا چاہتے ہیں تو یاد رہے کہ پھیل کر 6.25 فٹ لمبا اور 28.5 فٹ تک پھیل جاتا ہے۔
اس جگسا پزل کو مجموعی طور پر 27 تصاویر میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں تاج محل، اہرامِ مصر، دیوارِ چین، مجسمہ آزادی، لندن کا پل، استنبول کی مسجدیں اور قدرتی مناظر مثلا مرجانی چٹانیں اور خوبصورت جزائر بھی شامل ہیں۔ سہولت کے لیے ہر تصویر کے جگسا پزل کے ٹکڑے ایک ڈبے یا پیکٹ میں بند کئے گئے ہیں اور اس طرح مجموعی طور پر یہ 27 پزل یا تصاویر ہیں۔ لیکن تمام تصاویر کو ایک ساتھ رکھا جائے تو یہ دنیا کا سب سے بڑا جگسا پزل بن جائے گا۔
اس جگسا پزل کی قیمت 400 سے 600 ڈالر ہے جس میں شامل تصاویر کی بنیاد پر اس کی قیمت کا تعین کیا گیا ہے۔ لیکن اگر آپ چاہیں تو چند ڈالر میں صرف ایک تصویر کا جگسا پزل بھی خرید سکتے ہیں جس میں 500 سے 1500 ٹکڑے شامل ہیں۔ تاہم اتنا ضرور ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا جگسا پزل لاک ڈاؤن میں تیزی سے فروخت ہورہا ہے۔