کراچی( عبدالستار مندرہ)کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے سندھ میں نافذ 15 روزہ لاک ڈاؤن کا آج پہلا دن تھا اور متعدد شہری لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر گھومتے نظر آئے۔
قانون کی خلاف ورزی پر آج سندھ بھر میں 472 افراد کو گرفتار اور 72 مقدمات درج کیے گئے۔
صرف کراچی میں 222 افراد گرفتار اور 33 مقدمات درج ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں ساؤتھ زون میں 161، ایسٹ میں 60، ویسٹ میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔
اس کے علاوہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر میرپورخاص 6، سکھر 8، لاڑکانہ میں 236 افراد گرفتار ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی ساؤتھ زون میں 13، ایسٹ میں 19 اور ویسٹ میں 1مقدمہ درج کیا گیا جبکہ میرپور خاص میں 2، سکھر 1 اور لاڑکانہ میں 36 مقات درج ہوئے۔
خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت نے 22 مارچ رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز کے لیے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کردیا ہے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبے میں شہروں کے اندرچلنے والے پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد کردی ہے، بسیں اور آن لائن سروس پر بھی نہیں چل سکیں گی۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ کوئی شہری بیمار ہے یا ضروری کام ہے تو وہ ٹیکسی یا رکشہ استعمال کرے۔