کورونا وائرس: ائیرلائنز انڈسٹری بیٹھ گئی، سیکڑوں کلومیٹر کا کرایہ کافی کے کپ کے برابر

چین میں آئے کورونا وائرس کے بعد دنیا میں معاشی بحران نے سر اٹھا لیا ہے اور اس سے کے باعث ائیرلائنز انڈسٹری بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

چین میں کورونا وائرس سے جہاں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے وہیں معاشی بحران نے بھی سراٹھالیا ہے اور کئی بڑے بڑے ایونٹس ملتوی کردیے گئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث معاشی بحران نے ائیرلائنز انڈسٹری کو بھی شدید مالی نقصان پہنچایا ہے اور مسافر نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں فلائٹس منسوخ ہوچکی ہیں۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں ماہ (فروری) میں چین میں روزانہ 10 ہزار ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ ہوئی ہیں جس کے باعث انڈسٹری اور ائیرپورٹس پر شدید مالی دباؤ ہے۔

3 گھنٹے پرواز کا کرایہ ایک کپ کافی کی قیمت کے برابر

مسافر طیارے میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اسپرے کیا جارہا ہے — فوٹو: چینی میڈیا

معاشی دباؤ کے باعث کئی ائیرلائنز نے مقامی پروازوں کے کرایوں میں حیرت انگیز کمی کی ہے اور یہ اس قدر کم ہیں کہ ان کی قیمت کافی کے ایک کپ کی قیمت کے برابر ہے۔

چین کے شہر شنگھائی سے چونگ چنگ کے درمیان 3 گھنٹے کی پرواز ہے اور یہ فاصلہ 1400 کلو میٹر بنتا ہے جس کا کرایہ صرف اور صرف 29 یوآن ہے جو 4.10 امریکی ڈالرز بنتا ہے جبکہ پاکستانی روپوں میں 682 روپے ہے۔

اسی طرح شنگھائی سے ہاربن کے درمیان پرواز کا فاصلہ 1600 کلو میٹر ہے اور اِس پرواز کا کرایہ 69 یوآن جو امریکی کرنسی میں تقریباً 10 ڈالرز بنتا ہے اور پاکستانی روپوں میں 1543 روپے ہے۔

اسی طرح مختلف شہروں کے درمیان پروازوں کے کرائے بھی انتہائی کم کردیے گئے ہیں۔

چینی ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ سال 25 جنوری سے 14 فروری تک نئے سال کی چھٹیوں میں روزانہ اوسطاً 4 لاکھ 70 ہزار مسافر چین آتے تھے لیکن اس سال 75 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

رواں سال ائیرلائن انڈسٹری کو 30 ارب ڈالرز نقصان کا امکان

کورونا وائرس کے باعث چینی ائیر پورٹ کے کاؤنٹر خالی پڑے ہیں — فوٹو: چینی میڈیا

دوسری جانب انٹرنیشنل ائیر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق کورونا وائرس نے دنیا بھر کی ائیرلائن انڈسٹری کو نائن الیون کے بعد پہنچنے والے نقصان سے بھی زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق رواں سال ائیرلائن انڈسٹری کے نقصان کا تخمینہ 30 ارب ڈالرز لگایا جارہا ہے جبکہ نائن الیون کے بعد 2002 میں ائیرلائن انڈسٹری کو 19.6 ارب ڈالر خسارہ ہوا تھا۔

ایسوسی ایشن نے بتایا کہ رواں سال ائیرلائنز کو صرف ایشیا ریجن میں 27.8 ارب ڈالرز کے خسارے کا امکان ہے جبکہ دنیا کے دیگر حصوں میں ائیرلائنز کو ایک اعشاریہ 5 ارب ڈالرز کے نقصان کا اندیشہ ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب نے تقریباً 22 ممالک سے سیاحوں اور زائرین کی آمد پر پابندی لگادی ہے جبکہ پاکستان نے بھی ایران کے ساتھ براہ راست پروازیں بند کردی ہیں۔

خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس سے اب تک چین میں 2800 سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ تقریباً 80 ہزار افراد متاثر ہیں۔

چین کے علاوہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 95 سے زائد ہوگئی ہیں اور سیکڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.