شہباز شریف کا معاشی تباہی، مہنگائی اور بےروزگاری پر افسوس کا اظہار
اسلام آباد(بی ایل آٸی )مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے معاشی تباہی، مہنگائی اور بے روزگاری پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ سال میں ملک کی پھلتی پھولتی معیشت تباہ کر کے عوام کو غربت اور بے روزگاری کے اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کی تباہی کی قیمت قوم اور ملک کو ادا کرنا پڑرہی ہے جس پر آنکھیں کھولنا ہوں گی۔ غریب کا کھوکھا بچا، نہ دکان، فیکٹری بچی، ہی صنعت اور نہ ہی چھابڑی۔ قوم نے دیکھ لیا کہ گالیاں دینے سے ملک، صنعت، کاروبار، روزگار اور گھر نہیں چلتے۔ معیشت بچانے کیلئے فیصلہ قوم کو کرنا ہے۔ اس وقت قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارہ، تیز ترین قرض، کم ترین شرح ترقی معیشت کی تباہی کی علامتیں ہیں۔ چودہ فیصد مہنگائی اور اور سوا تیرہ فیصد پالیسی ریٹ کرنا ہی ملک دشمنی ہے۔ حکومتی فیصلے معیشت کے گلے کا پھندا بن گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت مر رہی ہے اور عمران نیازی کی بے حسی عروج پر ہے۔ معیشت یوں ہی چلتی رہی تو پیچھے صرف پچھتاوا رہ جائے گا۔ صعنت بند ہے، ملک میں اب صرف سرکاری جھوٹ کے کارخانے چل رہے ہیں۔