سینیٹ اجلاس، اپوزیشن کا آٹے اور چینی کے بحران سے متعلق ایف آئی اے کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ
اسلام آباد( بی ایل آٸی)سینیٹ میں اپوزیشن نے آٹے اورچینی کے بحران سے متعلق ایف آئی اے کی رپورٹ منظر عام پرلانے کا مطالبہ کردیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے حکومت سے پیرکو رپورٹ طلب کرلی ۔دوسری جانب حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیوایم کے سینیٹرعتیق شیخ بھی حکومت کے خلاف پھٹ پڑے۔
سینیٹ کااجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت ہوا۔قائدحزب اختلاف راجہ ظفرالحق نے کہاکہ گندم اورچینی بحران پرحکومت نے انکوائری کروائی اورکہاکہ مافیا کو نہیں چھوڑینگے، ایف آئی اے اپنی رپورٹ حکومت کوپیش کرچکی ہے، رپورٹ ہائوس میں منگوائی جائے تاکہ اس پربحث کی جاسکے۔
سینیٹرمشاہداللہ خان بولے آٹاچینی بحران میں اپنے لوگ ملوث نہ ہوتے تواب تک رپورٹ سامنے آچکی ہوتی۔ چیئرمین سینیٹ نے وزیرپارلیمانی امورسے آٹا چینی بحران پر انکوائری رپورٹ پیر کو طلب کرلی اورآٹا چینی بحران پرہائوس کی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ایم کیوایم کے سینیٹرعتیق شیخ نے مہنگائی پرحکومت کوہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ آج غریب پس گیاہے، ہرکاروباری شخص کواسحاق ڈارکی یادآرہی ہے،عمران خان ارد گرد والوں پریقین کرنے کی بجائے بھیس بدل کر نکلیں انہیں حقیقت معلوم ہوجائے گی۔
مولاناعبد الغفورحیدری نے مولانافضل الرحمن پرآرٹیکل 6 لاگو کرنے کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ایسا کرنا ہے تو اس میں رکاوٹ کیا ہے؟، وزیراعظم جعلی الیکشن کے نتیجے میں برسراقتدار آئے، اگروزیراعظم آرٹیکل 62 پرپورا اتریں تو میں استعفی دے دوں گا۔ عبدالغفورحیدری کے وزیراعظم سے متعلق الفاظ پرحکومتی ممبران نے احتجاج کیا۔
قائد ایوان شبلی فرازنے کہا کہ حیدری صاحب بتائیں کس کے کہنے پر یہ بات کررہے ہیں، مولانا صاحب وضاحت کریں کس کے کہنے پرجمہوری عمل کوسبوتاژکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سینیٹ میں جائیدادمیں خواتین کے ملکیتی حقوق کے تحفظ اورمحفوظ بنانے کے بل پرقائمہ کمیٹی کی رپورٹ کے علاوہ متعددبل بھی پیش کئے گئے۔ بعدمیں ایوان کااجلاس پیرکی شام 4بجے تک ملتوی کردیاگیا۔