مہنگائی کے خلاف (ن) لیگی اراکین کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج
اسلام آباد( بی ایل آٸی) ملک میں جاری مہنگائی کے خلاف (ن) لیگی ایم این ایز نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرمسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمان نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ارکان نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ لیگی ارکان پارلیمان نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ حکمران اب زیادہ وقت نہیں نکال سکیں گے۔ اگر ہمارے احتجاج کا نتیجہ نہ نکلا تو تحریک گلیوں تک پہنچ سکتی ہے۔
سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا کہ حکومت نے عوام کا استحصال کیا ہے۔ اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔
اس موقع پر رانا تنویر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کی تحقیقات کرائی ہیں، یہ رپورٹ عام کی جائے اور پارلیمنٹ میں بحث کرائی جائے۔ اگر وزیراعظم رپورٹ سامنے نہیں لاسکتے تو مستعفی ہوجائیں۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ معاملہ حکومت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہا کہ اگر حکومت نے مہنگائی پر قابو نہ کیا تو ہم سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے۔