کراچی( عبدالستار مندرہ)”اَن کہی” تھیٹر کا پہلا شو 15 مارچ کوآرٹس کونسل کراچی میں ہوگا، اس بات کا اعلان ڈرامہ نگار حسینہ معین،اداکار ساجد حسن اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں 6فروری 2020ءکو آڈیٹوریم II ،احمد شاہ بلڈنگ میں “اُن کہی” سے متعلق مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ حسینہ معین ملک کی معروف ڈرامہ نگار ہیںجن کے ڈرامے میں عورت کو کبھی کمزور نہیں دکھایا گیا، حسینہ معین نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی مقام رکھتی ہیں، ان کا ڈرامہ اتنا مضبوط ہوتا تھا کہ لوگ اس کے سحر میں مبتلا ہو جاتے، “اَن کہی”کو تھیٹر میں پیش کیا جارہا ہے یہ خوش آئند بات ہے،ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنے ڈراموں کو تھیٹر میں لائیں، کراچی میں کوئی تھیٹر نہیں تھا آرٹس کونسل نے تھیٹر آباد کیا اور ہماری تھیٹر اکیڈمی نوجوانوں کے لیے کام کررہی ہے۔ معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین نے کہاکہ “اَن کہی” میرے لیے بہت اہم ہے،”اَن کہی” کو انڈیا والوں نے فلم کے لیے مانگا مگر میں نے منع کردیا، یہ میرا اسٹیج کے لیے پہلا شو ہو گادعا ہے کہ آپ مایوس نہ ہوں اور مجھے خوشی ہو گی کہ یہ ڈرامہ تھیٹر کی صورت میں بھی کامیاب رہے۔اس موقع پر اداکار ساجد حسن نے کہاکہ ہم اپنے رائٹرز کو بھلاتے جارہے ہیں، حسینہ آپا جیسے لوگوں کو آگے آنے کا موقع دینا چاہیے، “اَن کہی” کی اجازت دینا حسینہ آپا کی فراخدلی ہے، یہ ایک تحریک ہے جو ہمیں مل کر چلانی ہوگی اور یہ جدوجہد صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے سائے تلے چلتی رہے گی،”اَن کہی” تھیٹر کے ہدایت کار داور محمود نے کہاکہ میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا مشکور ہوں، “اَن کہی” کی کہانی بہت یونیورسل ہے جن لوگوں نے یہ ڈرامہ پہلے نہیں دیکھا اُن کے لیے بہت زبردست ہوگا۔ “اَن کہی” کی ہیروئن شہناز شیخ کے کردار کو تھیٹر میں پیش کرنے والی اداکارہ آمنہ الیاس نے کہاکہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں حسینہ معین کے لیے کام کررہی ہوں، یہ میرے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں، اس سے قبل میں نے کبھی تھیٹر نہیں کیا، ڈرامہ میں مرکزی کردار آمنہ الیاس جبکہ سہیل ہاشمی، وہاب شاہ، شفقت خان، علی شیخ، طحہٰ ہمایوں، وقارعلی کاسٹ میں شامل ہیں جبکہ میوزک عباس علی خان نے ترتیب دیا ہے۔
About BLI News
3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.