کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملک بھر میں خواتین کے لیے تعلیم عام کرنے کا بیڑا اٹھا لیا۔ ’’تعلیم ہوگی عام۔ہر بیٹی کے نام‘‘ سے خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے ملک کے شہر شہر، گلی گلی کا دورہ کریں گے۔
کراچی میں اپنی بیٹیوں اقصٰی اور انشاء کے ساتھ پریس کانفرنس میں شاہد آفریدی نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، سری لنکا اور بنگلہ دیش آج تعلیم کی وجہ سے ہی پاکستان سے آگے نکل چکے ہیں، خواتین کی تعلیم بہت ضروری ہے کیوں کہ لڑکی کو پڑھا کر ہی ہم پوری نسل کو تعلیم یافتہ کرتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ جس طرح ان کی بیٹی اعلیٰ تعلیم حاصل کررہی ہے، ان کی خواہش ہے کہ ملک کی ہر بیٹی اعلیٰ تعلیم حاصل کرے اور اس سلسلے میں وہ اپنا حصہ ضرور ڈالیں گے۔
انہوں نے اس موقع پر حکومت کو بھی آڑے ہاتھ لیا اور کہا کہ اگر حکومتیں ٹھیک کام کررہی ہوتیں تو آج غیر سرکاری تنظیموں کو میدان میں نہیں آنا پڑتا۔
سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ اس مہم کا آغاز ملتان سے کریں گے، ہر صوبے میں خواتین کے لیے تعلیم سے متعلق آگہی مہم کے لیے شہر، شہر جائیں گے۔
اس موقع پر آفریدی کی بیٹیوں نے بھی لڑکیوں کی تعلیم پر زور دیا۔