کراچی( بی ایل آٸی)کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ کھٹائی میں پڑنے پر وزیراعلیٰ سندھ نے ناراضی کا اظہار کیا ہے، سندھ اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ وفاقی حکومت کو چار بار خط لکھ چکے مگر جواب نہیں دیا جارہا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے کوریڈور پر صرف مین لائن ون کو چلایا گیا تو ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں خطاب میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سرکلر ریلوے کو اہمیت نہیں دی جا رہی ،سرکلر ریلوے کو ریڈور پر صرف مین لائن ون کو چلاناقابل قبول نہیں، کراچی سرکلر ریلوے پروجیکٹ کو ختم کرنے نہیں دیا جائے گا۔
اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کے سی آر منصوبے سے متعلق پوائنٹ اسکورنگ نہ کی جائے، وزیراعلیٰ ایسی بات نہ کریں جس سے بغاوت کی بو آئے۔
پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی گنہور اسران نے وزیراعظم کے چین کے دورے میں کے سی آر کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنے سے متعلق قرارداد پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
اپوزیشن کی جانب سے شورشرابہ اور قرارداد کی مخالفت کی گئی۔