کراچی( بی ایل آٸی)
کراچی میں اگلے4روز کے دوران سمندرکی تندوتیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ تا پیر شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے گرمی کا پارہ ایک تا2ڈگری کمی سے معتدل رہنے کی توقع ہے،موجودہ تیز ہواؤں کے سلسلے کے تحت جنوب مغربی سمت کی سمندری ہوائیں 50کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارتک بڑھ سکتی ہیں عموماً شہر میں 30کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی ہیں تاہم ہواؤں کی رفتار بڑھنے کے سبب ان کا درجہ حرارت پر گہرا اثر پڑسکتا ہے اور مجموعی درجہ حرارت (صبح اور شام کے درجہ حرارت ) میں کمی کا امکان ہے۔
اگلے 3 روز کے دوران چلنے والی تیز ہواؤں کی وجہ سے سمندری لہروں کی اونچائی میں بھی اضافے کا امکان ہے، ساحلی تفریحی مقامات کا رخ کرنے والے شہریوں کو بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، شہر میں تیز ہواؤں کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا جس کے دوران شہر بھر جبکہ مضافاتی علاقوں میں تند وتیز ہوائیں چلیں جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 44کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی کے پہلے ہفتے میں قبل از مون سون کے تحت شہر کا مطلع جزوی ابر آلود جبکہ بونداباندی اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج (جمعہ)کو شہر میں تیز رفتار ہوائیں چلنے جبکہ صبح اور شام کے وقت پھوار اور بونداباندی کا امکان ہے۔ جون کے آخری ہفتے میں سمندر کی تیزرفتارہوائیں چلنا معمول کی بات ہے، کچھ وجوہ کی بنا پر یہ ہوائیں کچھ تاخیر سے ریکارڈ ہورہی ہے ہم اس کی توقع پچھلے ہفتے کررہے تھے۔
شاہد عباس کے مطابق صبح کے وقت 20کلومیٹر جبکہ دن اور شام کے وقت 50کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، شہر میں مون سون کا دورانیہ 15جولائی سے 15ستمبر تک ہے تاہم قبل از مون سون کے اثرات ماہ جولائی کے اوائل میں ہی نمودار ہونا شروع ہوجاتے ہیں جس کے تحت شہر کی فضائوں میں صبح اور شام کے وقت گہرے بادلوں کے علاوہ کہیں کہیں بونداباندی کا سلسلہ بھی شروع ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کئی ڈگری سینٹی گریڈ کمی کے بعد موسم خوشگوار ہوجاتا ہے۔