کراچی(عبدالستار مندرہ)شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی و تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا جب کہ کئی علاقوں میں بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔
کراچی کے جن علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی ان میں شارع فیصل، ایف بی ایریا، صفورا گوٹھ،آئی آئی چندریگر روڈ، لیاقت آباد، کورنگی، اورنگی، یونیورسٹی روڈ، منگھو پیر، صفورا گوٹھ اور نیو رضویہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ صدر، ٹاور، کھارادر، گارڈن، عثمان آباد اور نمائش میں بھی ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں شروع ہونے والی اچانک بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل اور سڑکوں پر پھسلن کے باعث حادثات کی بھی اطلاعات ہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث کراچی کے چند علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں تعطل آیا، متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا عمل جاری ہے، صارفین سے پریشانی کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت 64 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمالی علاقوں سے ہوائیں چل رہی ہیں۔