ٹاونٹن( بی ایل آٸی)آئی سی سی ورلڈکپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 41رنز سے شکست دے دی ۔کینگروز نے 49اوورز میں 10وکٹوں کے نقصان پر307رنز بنائے جس کے جواب میں سرفراز الیون 45.4اوورز میں 266رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی ۔محمد عامر نے شاندار باولنگ کرتے ہوئے 10اوورز میں 30سکور دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیںتاہم ان کی یہ شاندار پرفارمنس بھی ٹیم کے لیے کارگر ثابت نہ ہو سکی ۔
تفصیلات کے مطابق کوپر ایسوسی ایٹ کاونٹی گراونڈ ٹاونٹن میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر باولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 146 رنز بنائے۔ ایرون فنچ 82 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر حفیظ کے ہاتھوں کیچ ہوئے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 111 گیندوں پر 1 چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ سٹیو سمتھ 10 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ جارح مزاج بلے باز گلین میکس ویل 20 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔مارش محمد عامر کی گیند پر 23سکور بنا کر کیچ آوٹ ہوئے ۔عثمان خواجہ 18سکور کر کے آوٹ ہوئے ۔کولٹر نائل دو رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے جبکہ کیومنز حسن علی کی گیند پر 2سکور بنا کر آوٹ ہوئے ۔کیرے 20رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر آوٹ ہوئے ۔محمد عامر نے 5اور شاہین آفریدی نے 2وکٹیں حاصل کیں جبکہ وہاب ریاض ،حسن علی اور محمد حفیظ نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی ۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق 53،فخر زمان 0،بابر اعظم30،محمد حفیظ46،شعیب ملک 0،حسن علی 32،وہاب ریاض 45،محمد عامر صفر اور سرفراز احمد 40رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔