8 ماہ میں عوام فلاح و بہبود کے 36 منصوبوں کا آغاز کیا: عمران

8 ماہ میں عوام فلاح و بہبود کے 36 منصوبوں کا آغاز کیا: عمران

اسلام آباد (محمد سلیم) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنے منشور کو عملی جامہ پہناتے ہوئے آٹھ ماہ کی قلیل مدت میں عوامی فلاح و بہبود اور اقتصادی ترقی کے حصول کے لئے کم و بیش چھتیس اہم منصوبوں کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لئے ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ “احساس” کے عنوان سے ایک جامع اور مفصل پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام سے نہ صرف صحت، تعلیم، روزگار کی فراہمی اور معاشرے کے کمزور طبقوں کی ضروریات کے ضمن میں ریاست کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے حکومتی وسائل کا منظم اور مربوط طریقے سے استعمال یقینی بنایا جا سکے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے مواقع کو اندرون ملک وعالمی سطح پر اجاگر کرانا، عوام الناس کو صحیح معنوں میں بااختیار بنانے کے لئے مقامی حکومتوں کا نظام، کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبہ، ملکی معیشت کی بہتری اور کاروباری طبقوں کے سہولت کے لئے اقدامات، پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر، زراعت کے شعبے میں جدت و ٹیکنالوجی کا فروغ اور انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات حکومت کے اہم منصوبوں میں سرفہرست ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں پناہ گاہوں کا قیام کا منصوبہ اس بات کا مظہر ہے کہ کمزور اور نادار طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا مکمل احساس ہے۔ انہوں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے فلاحی منصوبوں کے بارے میں عوام کو مکمل آگاہی فراہم کرکے ان منصوبوں میں ان کی شرکت یقینی بنائی جائے تاکہ یہ منصوبے کامیابی کی منازل طے کر سکیں۔ وزیر اعظم مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے کارپوریٹ سوشل ریسپانس بیلٹی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے وزیراعظم آفس میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ زرعی ترقیاتی بنک کے صدر نے وزیرِ اعظم کو بتایا کیا زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے کسانوں اور خصوصا چھوٹے کسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کرنے کے لئے ای کریڈٹ کے نام سے منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب میں کسانوں کو اب تک گیارہ ارب روپے قرضہ فراہم کیاجا چکا ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی منصوبے کو شروع کر دیا گیا ہے جبکہ بلوچستان، سندھ اور خیبر پی کے کی صوبائی حکومتوں سے اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔ صدر زرعی ترقیاتی بینک نے بتایا کہ بنک کو ڈیجیٹل کرنے اور کسانوں کو اے ٹی ایم کی سہولت فراہم کرنے پر بھی کام جاری ہے۔ خیبر بینک کی جانب سے وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ بینک انضمام شدہ قبائلی علاقوں میں روزگار کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوام کو با اختیار بنانے کیلئے مقامی حکومتوں کا نظام اہم ہے۔وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ سندھ کیلئے تیار کردہ نئے ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے حامل امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.