کراچی(بی ایل ٰآئی)
آسٹریلوی آل راﺅنڈر شین واٹسن نے کراچی میں پی ایس ایل میچز کیلیے پاکستان آنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کوئٹہ گلیڈٰی ایٹرز کے اوپننگ بلے باز شین واٹسن نے کہا کہ دنیا کے پرجوش شائقین کرکٹ کے ملک پاکستان کا دورہ کیے ہوئے 14 سال ہوگئے ہیں اور اب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ٹرافی کا مالک بنانے کیلیے بہترین کارکردگی دکھانے کیلیے بیتاب ہوں۔
شین واٹسن پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کے خلاف میچ سمیت دیگر تمام میچوں میں حصہ لیں گے، انھوں نے یہ فیصلہ ٹیم اونر ندیم عمر کی درخواست پرکیا، منیجر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اعظم خان نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ واٹسن کو آج صبح 5 بجے تک قائل کرنے کی کوشش ہوتی رہی جس میں کامیابی مل ہی گئی، ٹیم مینجمنٹ نے انھیں بتایا کہ پاکستان کے حالات اب اچھے ہیں اور انھیں وہاں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا، واٹسن نے اہل خانہ سے مشاورت کے بعد ہاں کر دی، اس سے قبل وہ پاکستان نہ جانے کا عندیہ دے چکے تھے۔
کوئٹہ کا اب اتوار کو کراچی کنگز سے نیشنل اسٹیڈیم میں مقابلہ ہونا ہے، ملکی کرکٹرز آج شام پہنچ رہے ہیں جب کہ واٹسن سمیت غیرملکی کھلاڑی ہفتہ کو دبئی سے آئیں گے۔
واضح رہے شین واٹسن پاکستان سپر لیگ فور میں اب تک 9 میچوں میں 332 رنز بنا چکے ہیں۔