اسلام آباد (بی ایل ٰآئی)اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قومی ایئر لائن کیلئے 5 ارب 60 کروڑ روپے کے بیل آوٹ پیکیج کی منظوری دیدی، فنڈز کے استعمال سے گراؤنڈ ہونے والے جہازوں کو مرمت کرکے پرواز کے قابل بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس میں ایوی ایشن حکام نے قومی ایئر لائن کی حالت زار اور مستقبل کے پلانز پر بریفنگ دی، اجلاس کو بتایا گیا کہ ادارے کو مالی مسائل کا سامنا ہے، جنہیں حل کرنے کیلئے 15 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری دی جائے۔
کمیٹی نے پی آئی اے کی بحالی کیلئے ٹھوس بزنس پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 5 ارب 60 کروڑ روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری دیدی۔ اس بیل آؤٹ پیکیج سے پی آئی اے کے گراؤنڈ ہونیوالے جہازوں کو پرواز کے قابل بنایا جائے گا اور انجنوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ جہازوں کے دیگر پرزے خریدے جائیں گے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے خریف میں کاٹن کی پیداوار بڑھانے کیلئے پلان کی منظوری بھی دیدی، مستقبل میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے تحقیق اور ڈیولپمنٹ کے شعبے میں چین سے مدد لی جائے گی۔