یہ وقت ہے کہ آپ پاکستان کی کشتی میں سوار ہوجائیں تاکہ پیسہ کمانے کا موقع ضائع نہ ہو‘۔

دبئی (بی ایل ٰآئی)  ورلڈ گورنمنٹ سمٹ سے اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر راضی کرنے کیلئے انتہائی دلچسپ مثال کا سہارا لیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے انتہائی دلچسپ مثال دے کر سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔ انہوں نے دبئی کے حکمران کے حوالے سے کہا  ’ شیخ محمد نے مجھے بتایا کہ جب نائن الیون ہوا تو انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ جہاز خرید لو کیونکہ اس وقت سب چیزوں کی قیمتیں کم ہورہی تھیں، اس فیصلے کا یو اے ای کو بعد میں بہت زیادہ فائدہ ہوا۔ اس لیے میں دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو کہتا ہوں کہ پاکستان اڑان بھر رہا ہے، یہ وقت ہے کہ آپ پاکستان کی کشتی میں سوار ہوجائیں تاکہ پیسہ کمانے کا موقع ضائع نہ ہو‘۔

وزیر اعظم عمران خان نے سرمایہ کاروں کو مخاطب کرکے کہا کہ ہم آپ لوگوں کو پیسہ بنانے میں مدد فراہم کریں گے۔ پاکستان 60 کی دہائی میں ترقی کر رہا تھا لیکن اس کے بعد سوشلسٹ حکومت آگئی جس کے بعد حکمرانوں اور بیوروکریسی کی یہ سوچ بن گئی کہ پیسہ بنانا گناہ ہے، اس وجہ سے سرمایہ کار پاکستان سے بھاگ گئے لیکن اب ہم وہی سسٹم دوبارہ پیدا کرنے جارہے ہیں۔ ہم سرمایہ کاروں کو پیسہ بنانے کا موقع دیں گے تاکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ ہم ایک ایسا نظام چاہتے ہیں جو غربت کو ختم کرنے میں مدد دے نہ کہ غریب کو مزید غریب اور امیر کو زیادہ امیر کردے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ریفارمز پروگرام شروع کرنا ہوگا، موجودہ صورتحال سے نکلنے کیلئے ہمیں یہ تکلیف دہ کام شروع کرنا ہوگا، ہم تجارتی خسارے میں کمی اور برآمدات میں اضافے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمارے ملک کا تجارتی خسارہ بہت زیادہ ہے۔اب وقت آچکا ہے کہ پاکستان اڑان بھرنے کیلئے تیار ہے ، دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان میں آرہے ہیں۔ لوگ خیرات کرنے کیلئے کاروبار نہیں کرتے بلکہ وہ اس لیے کاروبار کرتے ہیں تاکہ پیسہ کماسکیں، ہم نے کاروباری لوگوں کیلئے قوانین میں نرمی کی ہے اور ٹیکس کے نظام میں بہتری لائے ہیں تاکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے پیسہ کما سکیں۔

About BLI News 3242 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.