کراچی ((عبدالستار مندرہ)) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہر شخص مختلف صلاحیتوں سے مالامال ہے ضرورت اس چیز کی ہے کہ ان کو اجاگر کیا جائے۔ آرٹس کونسل آف پاکستان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے سال سوم کے طلباءکے تھیسز شو کے دورے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ اور پرنسپل آرٹس کونسل انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈکرافٹس شاہد رسام بھی موجود تھے۔سعید غنی نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں فن و ادب کو ترویج دی جاتی ہے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی گزشتہ گیارہ سال سے سندھ اور پاکستان میں اسی فن و ادب کو ترویج دے رہا ہے اور اس کا سہرا احمد شاہ کو جاتا ہے جو مسلسل گیارہ سال سے محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ماضی میں بھی آرٹس کونسل سے مکمل تعاون کرتی رہی ہے اور ہمیشہ کرتی رہے گی۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ دنیا میں فن کو بہت اہمیت دی جاتی ہے یورپ میں انڈسٹریلائزیشن اور جدیدیت ایک آرٹسٹ ہی کی وجہ سے آئی ۔ آرٹسٹ منفرد خیالات کو عملی جامہ پہنانے میں کردار ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس میں طلباءفنون لطیفہ کی تعلیم مفت حاصل کر رہے ہیں ان میں سے زیادہ تر طلباءمڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس سے تعلق رکھتے ہیں اور آرٹس کونسل دوران تعلیم استعمال ہونے والی ہر چیز انہیں فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آرٹس کونسل ان طلباءکو انگریزی اور اردو دونوں زبانوں کی تعلیم بھی دے رہا ہے تاکہ مقامی سطح پر اور بین الاقوامی سطح پر یہ ہر طرح سے مقابلہ کر سکیں۔ اس موقع پر شاہد رسام نے کہا کہ آرٹس کونسل انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس سے فارغ طلباءکو پاکستان کی انڈسٹریز میں ترجیحی بنیادوں پر لیا جا رہا ہے اور یہاں سے فارغ طلباءفن و ادب میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
About BLI News
3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.