کراچی میں بجلی بحران پر وزیرِاعلیٰ سندھ کا وزیرِاعظم کو خط

کراچی: وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں بجلی کے بحران کے لئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خط لکھا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں بجلی کے بحران کے حل کے لئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خط ارسال کردیا ہے جس میں وزیراعلیٰ سندھ  نے بتایا ہے کہ کے الیکٹرک کو گیس پاور چلانے کے لئے 190 ایم ایم سی ایف گیس کی ضرورت ہے لیکن اسے 90 ایم ایم سی ایف گیس فراہم کی جارہی ہے جو شہر کی بجلی کی ضرورت پوری کے لئے ناکافی ہے، شہر میں پہلے ہی 400 میگا واٹ بجلی کی قلت تھی اب گیس سپلائی کم ہونے سے مزید 500 میگا واٹ بجلی کم ہوگئی ہے۔ شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک بڑھ چکا ہے جب کہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ اور صنعتی علاقوں کو بھی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ اور سندھ اور پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہورہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی ضد کی وجہ سے کراچی کے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو سخت پریشانی کا سامنا ہے جب کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ بھی متاثر ہے، شہر  میں گرمی کا پارہ 40 ڈگری تک پہنچنا اور اس کے ساتھ بجلی کا بحران انتہائی تشویشناک ہے اور اس صورتحال میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

خط میں درخواست کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو 276 ایم ایم سی ایف گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے سوئی سدرن گیس کمپنی کو ہدایات جاری کرے، اور ایس ایس جی سی کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے پر عملدرآمد کا پابند بنائے۔  وزیراعلیٰ نے خط میں کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے مابین واجبات کا تنازعہ حل کرنے کے لئے وفاق ، سندھ اور فریقین کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کے قیام کی تجویز بھی دی ہے۔

About BLI News 3253 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.