کیا آپ اسمارٹ فون کی زہر آلودگی کا شکار ہیں؟

کراچی: اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ کے مسلسل بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے ایک طرف کئی طرح کے طبی پیچیدگیاں جنم لے رہی ہیں تو دوسری جانب نت نئے نفسیاتی مسائل بھی سامنے آرہے ہیں۔

ان آلات پر اتنا زیادہ انحصار کہ انسان خود کو ان کے بغیر ادھورا محسوس کرنے لگے اور ہر معاملے میں ان کا محتاج ہو کر رہ جائے، اس کیفیت کو عمومی طور پر ’’اسمارٹ فون زہر آلودگی‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے وابستہ انسانی نفسیات کے ماہرین نے اس کی کچھ واضح علامتیں بیان کی ہیں:

  • اسمارٹ فون/ ٹیبلٹ آپ کی زندگی کا اہم ترین حصہ بن جائے؛
  • آپ کے گھر والوں کو اور دوستوں کو آپ سے شکایت رہنے لگے کہ آپ ہر وقت اسمارٹ فون/ ٹیبلٹ ہی میں مگن رہتے ہیں؛
  • آپ اپنی تفریح اور دلچسپی کی دیگر مصروفیات کے مقابلے میں کہیں زیادہ وقت اسمارٹ فون کی نذر کرنے لگیں؛
  • اسمارٹ فون نہ ملے تو آپ پر شدید جھنجھلاہٹ طاری ہوجائے اور مزاج میں چڑچڑا پن آجائے؛
  • آپ اس وقت بھی اسمارٹ فون استعمال کرتے ہوں کہ جب آپ کو اپنا کام اور پڑھائی وغیرہ کرنے ہوں یا پھر آپ گھر سے باہر کسی عوامی جگہ پر ہوں؛
  • آپ سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر دن میں کئی کئی گھنٹے اور بعض اوقات پورا پورا دن موجود رہتے ہوں؛
  • آپ وقت بے وقت اپنا اسمارٹ فون/ ٹیبلٹ چیک کرتے رہتے ہوں؛
  • ویسے تو آپ بہت زیادہ اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں لیکن جب کوئی آپ سے اس بارے میں پوچھتا ہے تو آپ صاف مکر جاتے ہیں اور جھوٹ بول دیتے ہیں کہ آپ تو ایسا نہیں کرتے۔

اگر آپ میں مذکورہ تمام یا ان میں سے چند ایک علامات بھی موجود ہیں تو سمجھ لیجیے کہ اسمارٹ فون/ ٹیبلٹ کا زہر آپ کی زندگی میں شامل ہوچکا ہے۔ اس زہر سے چھٹکارا پانا اگرچہ مشکل ہے لیکن ناممکن ہر گز نہیں۔ دل پر جبر کرتے ہوئے، پہلے مرحلے پر اپنے اسمارٹ فون/ ٹیبلٹ کو روزانہ چند گھنٹوں کےلیے انٹرنیٹ سے منقطع کرنے کی مشق کیجیے۔

یاد رکھیے کہ اگر آپ نے اسمارٹ فون کی زہر آلودگی سے نجات حاصل نہ کی تو یہ زہر رفتہ رفتہ آپ کی صحت اور سماجی زندگی کو گھن کی طرح چاٹ کر ختم کردے گا۔

About BLI News 3242 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.