6 ماہ میں کراچی سرکلر ریلوے نہ چلائی تو وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی، سپریم کورٹ

کراچی( بی ایل آٸی)

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے سرکلر ریلوے بحالی پلان سپریم کورٹ میں پیش کردیا جبکہ چیف جسٹس پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ 6 ماہ میں کراچی سرکلر ریلوے نہیں چلائی تو وزیراعظم اور وزیراعلی سندھ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

کراچی سرکلر ریلوے بحالی منصوبہ پیش

ایڈووکیٹ جنرل سندھ عدالت میں حاضر ہوئے اور سرکلر ریلوے بحالی پلان عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سرکلر ریلوے پر بہت پیش رفت ہوئی ہے، سرکلر ریلوے کے تمام اسٹیشنوں کو بستیوں سے منسلک کر دیا جائے گا۔

سیکرٹری ریلوے کو ابھی جیل بھیج دیں

سیکرٹری ریلوے نے کہا کہ آپ کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر کام شروع کردیا۔ چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے کیا کر رہے تھے، چاہیں تو آپ کو ابھی جیل بھیج دیں، کیا افسری کر رہے ہیں، یہ وژن ہے آپ کا، آپ اہل ہی نہیں، ہمیں معلوم ہے نہیں چلائیں گے آپ سرکلر ریلوے، روزانہ خواب دیکھا رہے ہیں، نہیں کریں گے آپ کام، 24 گیٹ پر قبضے کا بتایا جا رہا ہے بہانے بنائے جا رہے ہیں، 24 گیٹ کے بعد نیا بہانہ آجائے گا، جب یہ قبضے ہو رہے تھے تو کیا کر رہے تھے، اگلی سماعت پر آپ نیا نقشہ لے آئیں گے۔

کراچی والوں کی پریشانیوں کا اندازہ ہی نہیں

سیکرٹری ریلوے نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ہم سرکلر ریلوے چلا دیں گے۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بچوں کی طرح کام چل رہے ہیں، اپنے کمروں میں آرام سے بیٹھے ہوتے ہیں، نہیں کریں گے، روزانہ نئے بہانے لے آتے ہیں، کراچی کی حیثیت کا بھی آپ کو معلوم نہیں، آپ کو کراچی کے لوگوں کی پریشانیوں کا اندازہ ہی نہیں۔

الہ دین کا چراغ

چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت سو رہی ہے، کوئی سوچنے والا نہیں، سب تھوڑے تھوڑے دنوں میں موقف بدل کر آجاتے ہیں، زمین پر تو جگہ ہی نہیں بچی، سندھ حکومت نے بتایا تھا کہ یہ ایلیویٹیڈ (زمین سے اوپر) چلے گی، آپ لوگ چاہتے ہی نہیں، کہانیاں لکھ کر لے آتے ہیں، 72 سال میں اتنی قابلیت نہیں ہوئی، دنیا کہاں سے کہاں چلی گئی، ہمیں بتا دیں کہیں سے الہ دین کا چراغ لے آتے ہیں۔

سیکرٹری ریلوے نے کہا کہ ہمارے پاس تو کوئی الہ دین کا چراغ نہیں۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.