اسلام آباد(بی ایل ٰآئی) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ ایس ای سی پی کے ریکارڈ میں ٹمپرنگ کر کے شریف فیملی کو فائدہ پہنچانے کی باتیں من گھڑت ہیں ، اپوزیشن پانامہ کیس کو سیاسی مقاصد کیلئے بیساکھی کے طور پر استعمال کر رہی ہے ، سیاسی مخالفین ہر چیز کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں ،وزیر اعظم کے بیٹے دوسرے ملکوں میں رہائش پذیر ہیں ،ان پر پاکستان کا کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا۔
سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان کے ریکارڈ میں تبدیلی کا اگر کوئی بھی عنصر پایا جاتا ہے تو اس کیلئے ادارے موجود ہیں ، کیس 2013ء میں اپوزیشن کے دور میں بند ہو گیا تھا ، ریکارڈ ٹمپرنگ اور شریف فیملی کو فائدہ پہنچانے کی باتیں من گھڑت ہیں ، کارکن سمجھتے ہیں کہ ایک ہی خاندان کا احتساب کیاجا رہا ، محبت کرنے والے کارکنوں کے جذبات ہیں، وزیر اعظم کے پیش ہونے کے بعد مخالفین کو کسی طرح کی غلط فہمیاں پھیلانا زیب نہیں دیتا، وزیر اعظم کے بیٹے پیش ہوئے جو دوسرے ممالک میں رہائش پذیر ہیں، ان پر پاکستان کا کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا۔مریم اورنگزیب نے ایس ای سی پی کے ریکارڈٖ میں ٹیمپرنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سسٹم کی کوتاہی سامنے آئی ہے ،سسٹم کو فالو کرنا چاہیے تھا، وزیر اعظم پورے ملک میں احتساب کا سسٹم لاگو کرنا چاہتے تھے ،وزیر اعظم کے پورے خاندان کا عدالتوں میں پیش ہونا ان کے احتساب سے متعلق مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ پارا چنار سانحہ سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ دہشت گردوں نے ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کی، آرمی چیف کی کوششیں حوصلہ افزا ہیں، سیاسی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے ہرگز غافل نہیں، ملک دشمن عناصر نے پچھلے چند سالوں کے اندر اقلیتوں کو نشانہ بنا کر اپنے مذموم مقاصد پورے کرنے کی کوشش کی تاکہ پاکستانیوں کو لسانیت کی بنیاد پر تقسیم کیا جا سکے تاہم دشمن اپنی اس سازش میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے، پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔