نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا میں آج تک کئی تہذیبیں آئیں اور صفحہ¿ ہستی سے مٹ گئیں، جن میں قدیم مصر، یونان، ہڑپہ اور موہنجودڑو کی تہذیبیں کافی شہرت کی حامل ہیں۔ امریکہ کی یونیورسٹی آف کنیکٹیکٹ کے ایک ماہر نے ایک ایسی مساوات (Equation)دریافت کر لی ہے جس سے تہذیبوں کے صفحہ ہستی سے مٹنے کی پیش گوئی کی جا سکتی ہے اور اس مساوات کے ذریعے انہوں نے خوفناک پیش گوئی کی ہے کہ ہماری آج کی یہ تہذیب بھی اپنے خاتمے کے قریب ہے۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق پیٹرٹورچین نامی اس ماہر کا کہنا ہے کہ ”یہ میکانزم انسانی رویوں کی ہماری سوچ سے بھی زیادہ درستگی کے ساتھ وضاحت کر سکتا ہے۔ ہماری تہذیب کے متعلق اس سے معلوم ہوا ہے کہ ہماری عالمی سیاست تباہی کے دہانے تک پہنچ چکی ہے اورمیری پیش گوئی کے مطابق 2020ءتک یہ سیاسی تباہ کاری اپنے عروج کو پہنچ چکی ہو گی۔ اس وقت جو عالمی حالات ہوں گے، اس وقت دنیا کے حالات اس سے کہیں اچھے ہیں۔“
پیٹر ٹورچین کامزید کہنا تھا کہ ” تہذیبوں میں سیاسی تباہی دولت کی غیرمنصفانہ تقسیم سے جنم لیتی ہے اور اس وقت ہماری تہذیب میں مٹھی بھر اشرافیہ تمام تروسائل پر قابض ہو چکی ہے۔غریبوں کی غربت میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جن سے اس اشرافیہ نے فاصلے پیدا کر رکھے ہیں۔ چند سالوں تک لوگوں کا معیارزندگی انتہائی گر جائے گا۔ عوامی صحت کے مسائل خطرناک ہو جائیں گے۔ ریاستوں کے ریونیو میں کمی اور اخراجات میں اضافہ ہو جائے گا، جس سے ٹکراﺅ کی کیفیت پیدا ہو گی جو ہماری اس تہذیب کو خاتمے کی طرف لے جائے گی۔“