حکومتی وزراء کی بلاول اور مریم کی ملاقات پر شدید تنقید

اسلام آباد( بی ایل آٸی)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی اور وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی ملاقات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کی دعوت پر جاتی امراء میں ان سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں جماعتوں نے حکومت مخالف تحریک چلانے پر غور کیا جب کہ بجٹ کو منظور نہ ہونے دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اپوزیشن کی جماعتوں کے رہنماؤں میں ہونے والی ملاقات پر حکومتی وزراء نے شدید تنقید کی ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ غریبوں کے لیڈرز پرائیویٹ جیٹ سے اترے اور کروڑوں روپےکی بلٹ پروف گاڑیوں میں بیٹھ کر اربوں کی سلطنت میں پہنچے جہاں ڈیزائنر فرنیچر پر تشریف رکھتے ہی فرانس کے پانی سے ان کی تواضع کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سب نے مہنگائی اور غریبوں کے حالات پر گفتگو کی۔

ایک ریلو، کٹے سے مل رہی ہے، سمجھ نہیں آرہا: علی حیدر زیدی

کراچی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ سنا ہے آج پنجاب میں ریلو کٹوں کی ملاقات ہو رہی ہے، شاید ایک ریلو، کٹے سے مل رہی ہے، سمجھ نہیں آرہا۔

فادرز ڈے پر ابو بچاؤ تحریک کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، فردوس عاشق اعوان

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے  اپنے ردعمل میں کہا کہ ایک سیاسی میچ رائے ونڈ اور دوسرا مانچسٹر میں ہوا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی روح ضرور تڑپ رہی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ ملاقات کے بعد اعلامیے میں عوام کی مشکلات اور مہنگائی کا ذکر ہوا لیکن مہنگائی کا ذکر کرنے والے خود سونے کا چمچہ منہ میں لے کر پیدا ہوئے، کھانوں کی لمبی فہرست یہ بات سامنے لائی کہ آپ غریب کی بات کیسے کرسکتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ فادرز ڈے پر ابو بچاؤ تحریک کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، قوم کے حصے میں ایک راج کماری اور ایک کنیز ہے، عمران کو علاج کا مشورہ دینے والی کنیزِ خاص عمران خان کی علاج گاہ میں تشریف لائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن کا درد آج رائیونڈ میں کروٹیں لے رہا تھا، خواجہ آصف کے خلاف کیس کمیشن کو ریفر کیے جا رہے ہیں، وزارت اطلاعات بھی اس حوالے سے کمیشن کو کیس ریفر کرے گی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے مطابق مخالفین ڈوبتی کشتیاں ہیں، ہمیں ان سے کوئی بھی سیاسی خطرہ نہیں جہاں مخالفین عوام کو گمراہ کریں گے ہم ان کا محاسبہ کریں گے۔

یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کی ملاقات میں میثاقِ جمہوریت کی روح کے مطابق آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا گیا اور اتفاق کیا گیا کہ آئین کی سربلندی اور جمہوریت ہی ملک کو آگے لے جاسکتی ہے۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.