اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز میں 71 کروڑ روپے کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔
اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا اجلاس ہوا جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن حکام نے کمیٹی ارکان کو کرپشن کیسز پر بریفنگ دی، جب کہ کمیٹی نے کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے حکام نے آگاہ کیا کہ مجموعی طور پر 71 کروڑ روپے کی کرپشن ہوئی جن میں سے صرف ایک کروڑ 63 لاکھ روپے ریکور کئے جا سکے ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے حکام کے مطابق وفاق اور صوبوں میں قائم یوٹیلیٹی اسٹورز میں کرپشن کے 125 کیسز سامنے آئے جب کہ سب سے زیادہ کرپشن بلوچستان میں 36 کروڑ 87 لاکھ روپے کی ہوئی۔
اسلام آباد کے یوٹیلٹی اسٹورز میں 3 کروڑ 73 لاکھ روپے اور خیبرپختونخواہ میں ایک کروڑ 74 لاکھ روپے کی کرپشن کی گئی جب کہ سندھ میں 3 کروڑ 69 لاکھ اور پنجاب میں 24 کروڑ 92 لاکھ روپے کی کرپشن ہوئی۔