یورپی یونین مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرتوجہ دے،سردارمسعود

برسلز(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے یورپی یونین سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ دے اور اس دیرینہ مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کرانے میں مدد دے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تنازعہ نہیں بلکہ کشمیری عوام اس کے سب سے اہم فریق ہیں اور مسئلے کا حل نکالنے کے لئے ان کی رائے کو بھی اہمیت ملنی چاہئے۔ سردار مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار ارکان یورپی پارلیمنٹ، برسلز ریجنل پارلیمنٹ اور بلجیم میں مقیم پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن کی کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ارکان پارلیمنٹ اور کمیونٹی ارکان کی بڑی تعداد نے ان کانفرنسوں میں شرکت کی۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ انسانی حقوق کے علمبردار کی حیثیت سے یورپی یونین کو بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خطرناک صورتحال کا نوٹس لینا چاہئے جہاں آزادی کی مقامی تحریک کو دبانے کے ایک ہتھیار کے طور پر پیلٹ بندوقوں کا غیرقانونی استعمال کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے لاتعداد کشمیری اپنی بینائی سے محروم ہو چکے ہیں اور اس کے علاوہ قتل وغارت اور تشدد جاری ہے، معصوم افراد لاپتہ ہو رہے ہیں اور خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے جس کا مقصد حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جائز قانونی تحریک کو دبانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا واحد ہتھیار سوشل میڈیا ہے جہاں وہ تشدد اور خون میں لپٹی تصویریں پوسٹ کر سکتے ہیں کیونکہ مغرب کا میڈیا خاموش ہے اور وہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں موجود سات لاکھ انتہائی مسلح بھارتی افواج کے مظالم کی رپورٹنگ نہیں کر رہا۔ بھارت سے جڑے معاشی مفادات کے ہاتھوں میڈیا کی خاموشی نے یورپ کی اس دیرینہ قدر کو گرہن لگا دیا ہے جو انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے آواز اٹھانے کی بات کرتی ہے۔ ایم ای پیز اور پاکستانی و کشمیری تارکین وطن کے ساتھ اس کانفرنس کا اہتمام کشمیر کونسل برسلز نے کیا اور یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کی ایک بڑی تعداد نے اس میں شرکت کی جن میں اینتھیا مک انٹائر، جولی وارڈ، ڈینیل کیرن، ایمبیسڈر انتھونی کرائزلر، سجاد کریم، افضل خان اور امجد بشیر کے علاوہ کمیونٹی ارکان اور صحافیوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ برسلز ریجنل پارلیمنٹ میں کانفرنس کا اہتمام چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن چودھری پرویز اقبال نے کیا اور برسلز پارلیمنٹ کے نائب صدر و رکن ایمن اوزکارہ اور برسلز پارلیمنٹ کے ارکان ڈاکٹر منظور ظہور الٰہی، آندرے دیو بس ڈی وارنیف، کیتھرین مورئیکس، سینیٹرز برٹن میمپاکا، سیمون سسکائنڈ اور نادیہ الیوسفی، صدر پوسٹ ورثہ اینڈی ورمانٹ کے علاوہ بلجیم میں مقیم پاکستانی و کشمیری تارکین وطن اور میڈیا کے نمائندوں نے اس میں شرکت کی۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.