اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ ایک پڑوسی ملک کے غیر ذمہ دارانہ رویے سےخطے کا امن داؤ پر لگا ہے تاہم ہماری امن دوست پالیسی کو ہماری کمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے 23 مارچ کو پاکستان کی تاریخ کا یادگار ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں، 23 مارچ 1940 کو ہمارے بزرگوں نے اپنی قسمت کا فیصلہ خود کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج کی لازوال قربانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہو چکا ہے، آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے چیلنجز کا مقابلہ کیا، اپنے افسروں اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔
صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ ایک پڑوسی ملک کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے خطے کا امن داؤ پر لگا ہے لہذا بھارت اشتعال انگیزی سے باز رہے، ایل اوسی کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، ہماری امن دوست پالیسی کو ہماری کمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکالنا ہوگا، آزادی کی تحریک کو طاقت کے زور سے دبایا نہیں جاسکتا، امن اور ترقی کے مخالفین کو پھر خیرسگالی کا پیغام دیتے ہیں جب کہ کسی ملک پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی ضد امن تباہ کر سکتی ہے۔