ہری پور:
نجی اسکول کے مالک سمیت 4 افراد کے خلاف طالبہ کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے تاہم اب تک کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
ایکسپریس ٹریبون کے مطابق ہری پور کے سٹی پولیس اسٹیشن میں زیادتی کی ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے جس میں لڑکی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہفتے کے روز اسکول کے مالک نے اسے بلوایا اور ایک خالی کمرے میں یہ کہہ کر چلا گیا کہ وہ جلد ہی واپس آئے گا لیکن اس کے جاتے ہی 3 نامعلوم افراد کمرے میں میں گھس آئے اور اس سے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے ساتھ زیادتی میں اسکول کا مالک شامل نہیں تھا لیکن یہ سب اسی کے ایما پر ہوا ہے۔
لڑکی اور اس کے اہلِ خانہ کی شکایت پر پولیس نے رپورٹ ضرور درج کرلی ہے لیکن اب تک ملزمان میں سے کسی ایک کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی ہری پور ہیڈ کوارٹرز ذاکر حسین نے ایف آئی آر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تفتیش شروع کی جاچکی ہے۔