سان فرانسسكو:
گوُگل ارتھ نے اپنے اس مشہور سافٹ ویئر میں مزید حیرت انگیز فیچرز کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے اب آپ جاپان میں کوبے کی تنگ گھاٹیوں سے گزرتے ہیں یا پھر آسٹریا کی جھیل آچن کا دورہ کرسکتے ہیں جب کہ 360 درجے کے ویوز کو بھی بہترین بنایا گیا ہے۔
گوگل ارتھ میں وائیجر ٹیب کا اضافہ بھی کیا گیا ہے جس میں زمین کے متعلق مضامین اور تصاویر شامل ہیں جب کہ بی بی سی کی مشہور دستاویزی فلم سیریز پلانیٹ ارتھ ٹو کی شوٹنگ کے بعض مناظر بھی شامل کیے گئے ہیں۔ گوگل اسٹریٹ ویو کو بھی ایک نئے اور انوکھے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اگر آپ ایک مرتبہ گوگل ارتھ کا نیا ورژن دیکھیں گے تو یہاں کئی گھنٹے مصروف رہیں گے۔
وائیجر ٹیب کے آپشن میں سیارہ زمین دور سے ایک نیلی گیند کی مانند دکھائی دیتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ پانچ گھروں سے دنیا کو دیکھ سکتے ہیں جن میں ایک برفانی اگلو، دوسرا بدو کا خیمہ، تیسرا ریڈ ہاؤس، چوتھا شرپا ہوم اور پانچواں گھر گرین لینڈ کے روایتی مکان کی طرح ہے۔
اس بار گوگل ارتھ میں نیچر اور وائلڈ لائف کے نام سے فطری اور جنگلی حیات کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں جنہیں دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ اس کے لیے دنیا کے مشہور اداروں سے تصاویر اور معلومات جمع کی گئی ہیں جن میں خوبصورت ویڈیوز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آپ دنیا بھر کے پہاڑ، جزائر، جنگلات اور دیگر مقامات کی ویڈیوز اور تصاویر دیکھ سکتے ہیں۔