گورنر اسٹیٹ بینک نے آئندہ 2 ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا
کراچی( بی ایل آٸی)گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے آئندہ 2 ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا۔
گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے شرح سود کو 13 اعشاریہ 25 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رواں سال زرعی پیداوار ہدف سے کم ہونے کا خدشہ ہے۔ جولائی سے اب تک مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہوا۔ رواں سال مہنگائی کی شرح 11 سے 12 فیصد رہے گی۔ سپلائی بہتر ہونے سے مہنگائی کی شرح میں کمی آنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام میں مزید بہتری آرہی ہے۔ ایکسپورٹ کے شعبے اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔ خدمات اور انڈسٹری کے شعبے میں بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں۔ مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت بڑھ رہی ہے، جبکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی جانب سے اچھے اشاریے سامنے آئے ہیں۔
گورنر سٹیٹ بینک کے مطابق ایکسپورٹرز کی حوصلہ افزائی مرکزی بینک کی ترجیح ہے۔ روایتی کی بجائے تمام مصنوعات کی برآمد کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ برآمدی شعبے کیلئے قرضوں کی حد 200 ارب روپے کی جارہی ہے۔ ورکنگ کیپیٹل سکیم میں بھی 100 ارب کا اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ چھوٹے ایکسپورٹرز کیلئے بھی پالیسی لا رہے ہیں۔