کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں اگلے6 ماہ کے دوران ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے، شہر کے قدیم اور روایتی پودے بھی شامل ہیں، جو کراچی کی پہچان ہیں، مورنگا ایک ایسا پودا ہے، جو ماحول دوست اور کئی فوائد کا حامل ہے، اس کی بڑی تعداد شارع فیصل، راشد منہاس روڈ، کار ساز روڈ، شاہراہ پاکستان، کورنگی روڈ، پارکوں اور میدانوں میں لگائے جائیں گے،گرین کراچی وژن کے تحت شہری ہمارے ساتھ آئیں اور کراچی کو سر سبز بنائیں، وہ فیڈرل بی ایریا، عائشہ منزل پر مورنگا کا پودا لگا کر کراچی میں شجر کاری مہم کا افتتاح کررہے تھے، ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، پارکس کمیٹی کے ایم سی کے چیئرمین خرم فرحان، میڈیا مینجمنٹ کمیٹی کی چیئر پرسن صبحین غوری ، بلدیاتی افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی، میئر نے کہا کہ کراچی میں شجر کاری کی مہم ہر سنیچر (ہفتے) کو مختلف علاقوں میں بھر پور طریقے سے منائی جائے گی، پودے لگانے سے قبل پانی کاانتظام کیا گیا ہے تاکہ یہ مرجھا نہ سکیں، کیونکہ پودے لگانا انتہائی آسان، لیکن ان کی نگہداشت اور آبیاری انتہائی مشکل ہے، ہر شخص اپنے اپنے علاقوں میں ایک ایک پودا لگائے اور اس کی نگہداشت کی ذمے داری ادا کرے تو کراچی کو سر سبز و شاداب ہونے سے کوئی نہیں روک سکے
گا۔ ہمارا وژن کراچی کو ایک بار پھر کلین اور گرین بنانا ہے، یہ ہمارا شہر ہے،کراچی کے روایتی اور قدیم درختوں میں نیم، بادام، جنگل جلیبی، ناریل اور پیپل وغیرہ شامل ہیں، جنہیں کراچی میں پھر سے لگایا جائے گا تاکہ اس شہر کی روایات بر قرار رکھی جائیں اور یہ درخت ختم نہ ہوسکیں، وسیم اختر نے کہا کہ پی ایس ایل کی طرح ویسٹ انڈین ٹیم کو بھی ہم خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کی میز بانی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔