گرین شرٹس کے ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ ٹوٹ گیا

ویلنگٹن: گرین شرٹس کے ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ ٹوٹ گیا جب کہ ویلنگٹن میں کیویز نے مسلسل 10ویں فتح کا موقع نہیں آنے دیا۔

گرین شرٹس کو گذشتہ روز مسلسل 9 فتوحات کے بعد پہلی شکست ہوئی،اس سے قبل چیمپئنز ٹرافی میں بھارت سے مات کے بعد سرفراز الیون نے جنوبی افریقہ و سری لنکا کے بعد سیمی فائنل میں انگلینڈ کو زیر کیا،پھر فیصلہ کن معرکے میں روایتی حریف پر فتح سے ٹائٹل پر قبضہ جمایا، ٹیم نے یواے ای میں سری لنکا کو 5-0 سے ہراکر مسلسل فتوحات کی تعداد 9کرلی لیکن نیوزی لینڈ میں سیریز کا آغاز ناکامی کے ساتھ ہوا۔

دوسری جانب پاکستان نے مسلسل 7ون ڈے میچز میں کوئی نو بال نہ کرنے کا ریکارڈ بنا دیا، ٹیم نے آخری بار یہ غلطی چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ کیخلاف سیمی فائنل میں کی تھی، بھارت سے فیصلہ کن میچ میں گرین شرٹس نے کوئی گیند ایسی نہیں کی کہ امپائر کو نو کا اشارہ کرنا پڑے، بعد ازاں یواے ای میں سری لنکا کو 5-0 سے کلین سوئپ کرتے ہوئے بھی کسی بولر کا قدم کریز سے باہر نہیں گیا۔

نیوزی لینڈ کیخلاف ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں بولنگ لائن رنز کا سیلاب تو نہیں روک پائی لیکن پوری اننگز میں ایک بھی نوبال نہیں ہوئی، پاکستان نے 7 وائیڈ سمیت10 فاضل رنز دیے،یہ ملکی کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ بولرز نے مسلسل 7ون ڈے میچز میں ایک بھی نوبال نہیں کی،اس عرصے میں گرین شرٹس نے 1786گیندیں کیں، اس سے قبل 1989میں پاکستان نے لگاتار 6 مقابلوں میں ایسی کوئی گیند نہیں کی کہ امپائر کو اس کے غیر قانونی ہونے کا اشارہ کرنا پڑے۔

یاد رہے کہ نوبال کے حوالے سے بدنام پیسر وہاب ریاض چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ کھیلنے کے بعد ابھی تک قومی ٹیم میں واپس نہیں آ سکے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.