وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ فراہمی آب کے منصوبے کے تھری میں واٹر فلٹر سسٹم نصب نہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے گزشتہ روز صبح شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا افسران کی جانب سے انھیں جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی وزیراعلیٰ سندھ واٹر بورڈ کے پانی کے فلٹر پلانٹ نارتھ ایسٹ کراچی (این ای کے) پہنچے تو وہاں سیکورٹی کا عملہ غائب تھا جس پر وزیراعلیٰ نے سخت برہمی کے بعد ڈیوٹی سے غیر حاضر سیکیورٹی عملے اور ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرنے کے احکام دیدیے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پانی کے اتنے اہم پلانٹ پر عملے کی ضرورت ہی نہیں تو ایسے ملازمین کو فارغ کردیا جائے وزیراعلیٰ نے این ای کے فلٹریشن پلانٹ کے دورے کے دوران انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ فراہمی آب کے منصوبے کے تھری میں فلٹر سسٹم نصب نہیں ہے کراچی کے بڑے حصے کو پانی بغیر فلٹر کیے فراہم کیا جارہا ہے، کے تھری منصوبہ سال 2007-08 کے دوران تعمیر کیا گیا جن لوگوں نے یہ منصوبہ بنایا وہی آج سب سے زیادہ واویلا کررہے ہیں یہ شہریوں کے ساتھ ظلم ہے انھیں پینے کا صاف پانی تک فراہم نہیں کیا جارہا اور عدالتیں ہم سے پوچھ رہی ہیں، ہم اپنی ذمے داری نبھائیں گے اور میں نے عدالت عظمیٰ کو بھی ساری تفصیلات فراہم کردی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ایم ڈی واٹربورڈ کو فوری طور پر این ای کے پلانٹ پہنچنے کی ہدایت کی وزیراعلی نے سال نو کے موقع پر سی ویو پر انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے کنٹینر ہٹانے کے احکام دیے اور ڈی آئی جی ضلع جنوبی آزاد خان کو ہدایت کی پولیس اس امر کو یقینی بنائے کہ کسی بھی شہری کو سی ویو آنے سے نہ روکا جائے انھوں نے شہریوں سے بھی درخواست کی کہ وہ خوشی ضرور منائیں تاہم سال نو کی خوشی میں دوسروں کو تکلیف نہ پہنچائیں انھوں نے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ سال نو کی خوشیوں میں کوئی حادثہ نہ ہو اور افراتفری نہ مچے سی ویو سے رکاوٹیں ہٹانے کے وزیراعلیٰ کے حکم کے بعد انتظامیہ نے کنٹینرز ہٹادیے اور راستے شہریوں کے لیے کھول دیے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نے صفورا گوٹھ پر یونیورسٹی روڈ کی تعمیر کے کام کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ میں گنے کے بحران اور کاشتکاروں کے مسائل کا ذمے دار وفاقی اور پنجاب حکومت پر ڈال دی اور کہا کہ پنجاب سے100 روپے فی من گنا سندھ کی شوگر ملوں کو فراہم کیا جارہا ہے ہم نے کاشتکاروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے گنے کا پنجاب سے2 روپے زیادہ 182 روپے نرخ مقرر کیا تھا لیکن جب پنجاب سے سستا گنا ملے گا تو سندھ کے کاشتکاروں کا مہنگا گنا شوگر ملیں کیوں خریدیں گی وفاقی حکومت نے طے کرنے کے باوجود شوگر ملوں کو تاحال سبسڈی دی۔