کے الیکٹرک کے مظالم کے خاتمے تک تحریک جاری رہے گی،حافظ نعیم الرحمن

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہم 22اپریل کو ہر صورت میں گورنر ہاؤس پر دھرنا دیں گے ،کے الیکٹرک کے خلاف یہ تحریک اب ختم نہیں ہوگی ۔ عوام سے لوٹی گئی 200ارب روپے کی رقم واپسی اور کے الیکٹرک کے مظالم سے نجات تک تحریک جاری رہے گی اور ہم نہ گرفتاریوں سے ڈرتے ہیں اور نہ پولیس فائرنگ اور شیلنگ سے خوف زدہ ہوں گے اورہر صورت ریڈ زون کے اندر داخل ہوں گے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ کے الیکٹرک کا مسئلہ پر امن طورپر حل ہوجائے ورنہ ہم ہر قسم کے حالات کا سامنا کرنے پر تیار ہیں ،جب کے الیکٹرک 2500میگاواٹ کی صلاحیت موجود ہے اور 600میگاواٹ وفاق سے لیتی ہے تو پھر اسے نوری آباد سے بجلی فراہم کرنے کی کیا ضرورت ہے ۔ کے الیکٹرک کے تمام پاور پلانٹ کیوں فعال نہیں کیے جاتے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حبیب بنک چورنگی ، سائٹ ایریا میں کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک اووربلنگ ختم کرے اور فیول ایڈجسمنٹ ، ڈبل بنک چارجز ،میٹر رینٹ Claw Back اور ملازمین کے نام پر غیر قانونی طور پر وصول کیے گئے 200ارب روپے کراچی کے عوام کو واپس کرے۔200,100اور 300یونٹ استعمال کرنے والے چھوٹے صارفین کے لیے نرخوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لیا جائے۔ ہیٹ ویوز کے دوران لوڈ شیڈنگ بند کی جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ میں کراچی کے ایک شہری کی حیثیت سے چیف جسٹس آف پاکستان سے کہتا ہوں کہ کراچی کے ڈھائی کروڑ عوام کو انصاف کب ملے گا ۔ہم نے کے الیکٹرک کے خلاف پٹیشن دائر کی ہوئی ہے اور کراچی کے شہری انصاف طلب کررہے ہیں ۔ جب کے الیکٹرک2500میگاواٹ کی صلاحیت موجود ہے اور 600میگاواٹ وفاق سے لیتی ہے تو پھر اسے نوری آباد سے بجلی فراہم کرنے کی کیا ضرورت ہے ۔ کے الیکٹرک کے تمام پاور پلانٹ کیوں فعال نہیں کیے جاتے ۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک عوام کو دھوکا دے رہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ گیس کے پریشر کم ہونے کی وجہ سے بجلی کم پیدا ہورہی ہے اور اس وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ان کو شرم آنی چاہیے فیول ایڈجسمنٹ کے نام پر اربوں روپے وصول کرچکی ہے اور فرنس آئل سے پلانٹ جب نہیں چلائے جارہے ہیں تو فیول ایڈجسمنٹ کے نام پر ہر ماہ عوام سے اضافی رقم کیوں وصول کیے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے ادارے میں کے الیکٹرک کے خلاف ہزاروں شکایات آتی ہیں ۔گزشتہ سال وفاقی محتسب نے 20 ہزار فیصلے کے الیکٹرک کے خلاف دیے مگر ایوان صدر کی طرف سے کے الیکٹرک کو نجی ادارہ قراردے کر اسے چھوٹ دے دی گئی۔ کے الیکٹرک کے خلاف ظلم میں پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن سب شامل ہیں ۔ ایم کیوایم نے جنرل مشرف کے ساتھ مل کر ہی کے الیکٹرک کو فروخت کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویوز کے دوران کے الیکٹرک کی نااہلی کی وجہ سے ہزاروں افراد جاں بحق ہوئے مگر اس کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔ ہم نادرا کے ادارے کو بھی متنبہ کرتے ہیں کہ عوام کی تذلیل بند کرو ورنہ اس کے خلاف بھی احتجاجی تحریک شروع کریں گے ۔اگر ان پر امن دھرنوں سے عوام کا مسئلہ حل نہیں ہوا تو پھر احتجاج میں مزید شدت آئے گئی اور ہم 22اپریل کو ہر صورت میں گورنر ہاؤس پر دھرنا دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف یہ تحریک اب ختم نہیں ہوگی ۔ عوام سے لوٹی گئی 200ارب روپے کی رقم واپسی اور کے الیکٹرک کے مظالم سے نجات تک تحریک جاری رہے گی اور ہمنہ گرفتاریوں سے ڈرتے ہیں اور نہ پولیس فائرنگ اور شیلنگ سے خوف زدہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے یا فلیٹ میں کے الیکٹرک نے ناجائز طور پر کسی کا کنکشن کاٹا تو ہم اس کے ساتھ ہوں گے اور اس کا حق دلائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نادرا کا ادارہ ایک مافیا بن گیا ہے اور محب وطن شہریوں کے شناختی کارڈ ز بلاک کرتے ہیں لیکن رشوت لے کر بلاک شدہ شناختی کارڈکھول دیتے ہیں ۔ نادرا کو پختون بھائی، مشرقی پاکستان سے ہجرت کر کرکے آنے والوں اور بنگلہ زبان بولنے والے پاکستانیوں کو قومی شناختی کارڈز فراہم کرنے ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان سے آنے والوں سے کہا جاتاہے کہ 1974کا راشن کارڈ لاؤ اپنے والد کا پرانا شناختی کارڈ لاؤ۔ کراچی کے عوام کو ٹی وی اور وی سی آر بیچ کر اسلحہ خریدنے کی تلقین کرنے والوں نے کراچی کو 30سالوں میں برباد کردیا ہے ۔محصور ین کی وطن واپسی اور کوٹہ سسٹم کے نعرے اور وعدے کہاں گئے؟انہوں نے کہا کہ کراچی کو سونے کی چڑیا سمجھ لیا گیا ہے ایک کے بعد دوسرا آتا ہے اس شہر کو لوٹتا ہے پرانے چہروں کو نئے انداز سے لے کر آیا جارہا ہے لیکن عوام کو اب دھوکا نہیں دیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ ہم 22اپریل کو ہر صورت میں گورنر ہاؤس میں پہنچیں گے اور ریڈ زون کے اندر داخل ہوں گے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ کے الیکٹرک کا مسئلہ پر امن طورپر حل ہوجائے ورنہ ہم ہر قسم کے حالات کا سامنا کرنے پر تیار ہیں ۔

About BLI News 3271 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.