نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) کینسر ایسا موذی مرض ہے جو اگرچہ قابل علاج ہے لیکن اس کے مریضوں میں صحت یابی کی شرح بہت کم ہے۔ تاہم اب سائنسدان بالآخر اس کا ایسا علاج دریافت کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جو انتہائی آسان اور موثر ہے اور مکمل صحتیابی کے لیے مریض کو صرف 5بار ڈاکٹر کے پاس جانا پڑے گا۔
ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق یہ علاج بائیوٹیک کمپنی ’ایل آئی ایف ٹی بائیو سائنسز‘ نے دریافت کیا ہے۔ لیب کے چیف ایگزیکٹو الیکس بلیتھ کا کہنا ہے کہ ”آئندہ سال ہمارے دریافت کردہ طریقے کے تحت مریضوں کا علاج ہونا شروع ہو جائے گا۔ ہم نے اس طریقہ علاج میں مکمل شفابخش تھراپی کو مدنظر رکھا ہے۔ مریض کو ہفتے میں ایک بار یہ تھراپی کرانی ہو گی اور 5سے 6بار تھراپی ہونے سے وہ مکمل صحت یاب ہو جائے گا۔“الیکس کا کہنا تھا کہ ”ہم نے ایک ایسا طریقہ دریافت کیا ہے جس کے ذریعے ڈونر کے خون میں کینسر کا خاتمہ کرنے والے خلیوں کو سکرین کیا جا سکے گا اور پھر ان کی تعداد کروڑوں تک بڑھائی جا سکے گی۔ بعد ازاں یہ خلیے کینسر کے مریضوں کی تھراپی میں استعمال کیے جائیں گے۔ ہماری ٹیم کینسر کا خاتمہ کرنے والے خلیوں کا بینک قائم کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے جو دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا بینک ہو گا اور یہ ہمارے ادارے کا سب سے بڑا مشن ہے۔“