کویت(نیوز ڈیسک)ویتی وزارت داخلہ نے واضح کیاہے کہ ٹریفک قانون کی دفعہ 207 کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال اور حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر دو ماہ کیلئے گاڑی ضبط کرلی جائیگی۔ اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائیگی۔یہ فیصلہ ٹریفک حادثات کو کنٹرول
کرنے او رٹریفک کو منظم کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔ عمل درآمد آج 15نومبر سے ہوگا۔ معاون سیکریٹری برائے ٹریفک امور میجر جنرل فہد الشویع نے میڈیا کو بتایا کہ اگر موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ کا استعمال نہ کیا تو ان پر بھی دفعہ 207کے مطابق کارروائی ہوگی۔ سخت سزائیں قانون کی خلاف ورزی سے روکنے، شہریوں و غیر ملکیوں کی سلامتی ، سرکاری و نجی املاک کی حفاظت کے لئے کیا گیا ہے۔الشویع نے کہا کہ ڈرائیور حضرات زیبرا کراسنگ اور فٹ پاتھوں پرگاڑی پارک نہ کرکے قانون ٹریفک کی دفعہ 169 کی پابندی کررہے ہیں یہ قابل تحسین ہے۔اسکی بدولت ٹریفک خلاف ورزیوں کا یومیہ تناسب 4ہزار سے گھٹ کر150رہ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آگہی مہم بھی چلائی جارہی ہے۔ مختلف زبانوں میں پمفلٹ اور لٹریچر بھی تقسیم کیا جارہا ہے۔ ماضی میں بھی ٹریفک آگہی کے خوشگوار نتائج برآمد ہوئے تھے اس مرتبہ بھی ایسی ہی توقع کی جارہی ہے۔