کورنگی میں مزید 150 دکانیں مسمار، غیر قانونی دکانوں کی تعمیر پر 4 افراد گرفتار

کراچی(عبدالستار مندرہ)

سپریم کورٹ کے احکامات پر بلدیہ عظمی کراچی اور ادارہ ترقیات کراچی نے مختلف علاقوں میں جاری انسداد تجاوزات آپریشن میں نالوں پر بنی کئی دکانیں،غیرقانونی تعمیرات، پتھارے، چبوترے اور تجاوزات مسمار کردیے۔

کورنگی میں نالوں پر بنی150 دکانیں اور رفاہی پلاٹوں پر تجاوزات کو مسمار کردیا گیا ماڑی پور میں غیرقانونی دکانیں تعمیرکرنے والے 4 دکاندارگرفتار کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے گزشتہ سال 5 نومبر 2018 کو شروع کیا جانے والا انسداد تجاوزات آپریشن60 ویں روز بھی صدر،کورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال، کلفٹن، گلبرگ اور ماڑی پور میں جاری رہا، محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر بشیر صدیقی کی زیرنگرانی ضلع جنوبی میں ایمپریس مارکیٹ کے اطراف خشک میوہ جات کے اسٹال لگانے والوں کے خلاف کارروائی میں تمام سامان ضبط کرلیا گیا صدر میں 3 وال فکسنگ دکانیں جو دوبارہ تعمیر کی جارہی تھیں مسمار کردی گئیں۔

زیب النسا مارکیٹ اور ایمپریس مارکیٹ تک دکانداروں کی جانب سے فٹ پاتھ پر لگائے جانے والے لوہے کے پائپ نکال دیے گئے، کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر صدر نعمان احمد، علاقہ پولیس اور انسداد تجاوزات عملے نے مشترکہ طور پر کی، ضلع کورنگی ساڑھے5 نمبر میں ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے نالوں پر بنی 150 سے زائد دکانیں اور رفاہی پلاٹوں پر قائم تجاوزات کو مسمار کردیا گیا آپریشن کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر واٹر کینن، بکتر بند گاڑیاں، پولیس، رینجرز اور خواتین پولیس اہلکار بھی موجود رہیں۔

غیرقانونی دکانیں مسمار کیے جانے پر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور کارروائی روکنے کی کوشش کی جبکہ اس دوران ایک خاتون بے ہوش ہوگئی تاہم پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرکے صورتحال پر قابو پالیا، تجاوزات کے خلاف کارروائی ڈائریکٹر کورنگی مسرت علی خان،اسسٹنٹ کمشنر، ادارہ ترقیات کراچی اور بلدیہ عظمی کراچی کے عملے نے مشترکہ طور پر کی، ضلع وسطی گلبرگ ڈویژن میں یوسف پلازہ بلاک 16 گلشن، شمیم میمن فاؤنڈیشن، دربار سلطانی، موسی کالونی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران چبوترے، دیواریں،  فٹ پاتھ پر بنی دکانیں مسمار کردی گئیں۔

علاقے میں کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر سعید وارثی، علاقہ پولیس اور انسداد تجاوزات عملے نے مشترکہ طور پر کی، ضلع شرقی گلشن اقبال میں تجاوزات کے خلاف کارروائی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ریحان صدیقی، علاقہ اسسٹنٹ کمشنر، علاقہ پولیس، رینجرز اور انسداد تجاوزات کا عملہ موجود تھا ، ضلع غربی میں ماڑی پور روڈ، ہاکس بے روڈ اور نیو ٹرک اسٹینڈ کے قریب قائم تجاوزات اور دوبارہ قائم کی جانے والی دکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی آپریشن کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ویسٹ عبدالغفورکی ہدایت پر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والے 4 افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا ، اسسٹنٹ کمشنر عبدالغفور نے کہا کہ تجاوزات دوبارہ قائم کرنے والے 4 افراد کے مقدمات درج کیے جائیں گے۔

About BLI News 3242 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.