کلب کرکٹ کا فروغ میری اوّلین ترجیحات میں شامل ہے‘ جاوید احمد خان
کراچی کی کرکٹ ترقی کی راہ پر گامزن ہے‘ شفیق کاظمی‘افتتاحی میچ میں سرسید سی سی کی کامیابی
ینگ کواپریٹرز کو شکست‘قومی سطح پر کراچی کے کھلاڑیوں کو ان کا جائز مقام ملنا چاہیے‘ جمیل احمد
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) داؤد اسپورٹس ، کے سی سی اے زون2کے زیر اہتمام منعقدہ پروفیسر اعجاز فاروقی انوی ٹیشن لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ سرسید کرکٹ کلب اور ینگ کواپریٹرزسی سی کے مابین ٹی ایم سی گراؤنڈ گلبرگ پر کھیلا گیا۔جس میں سرسید سی سی نے ینگ کواپریٹرز کو 7رنز سے شکست دے کر عمدہ آغاز کیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی جاوید احمد خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلب کرکٹ کسی بھی کھلاڑی کی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہوتا ہے میری کوشش ہے کہ کلب کرکٹ کی ترقی اور فروغ میں اپنا کرداد اداکروں ۔ میں نے گذشتہ تین سال بحیثیت صدر، کے سی سی اے زون2 کوشش کی ہے کہ کلب کرکٹ پروان چڑھے اس میں مزید بہتری لانے کیلئے ہم نے ایک جامع پروگرام ترتیب دیا ہے جس کا آغاز ہم نے آج سے کردیا ہے اور آئندہ تین سالوں میں کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے اور اس سلسلے میں ہمیں کلب کا تعاون بھی درکار ہوگا۔ آئندہ تین سالوں میں زون2میں جتنے بھی ٹورنامنٹ منعقد ہوں گے وہ انٹری فری ہونگے اور اس میں گیندیں بھی زون2کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔اس کے علاوہ بھی زون2کے کسی کلب کو پریشانی کا سامنا ہوتو وہ ہم سے رابطہ کرسکتا ہے۔صدر تقریب شفیق کاظمی، سیکریٹری کے سی سی اے نے کہا کہ صدر ،کے سی سی اے کے نام سے ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے۔میں آرگنائزنگ کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ گذشتہ تین سالوں میں کراچی کی کرکٹ ترقی کی راہ پر گامزن رہی ہے۔کراچی کے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں نے ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا ہے ۔مجھے ٹی ایم سی گراؤنڈ کی ترقی دیکھ کر بے حد خوشی ہورہی ہے۔خصوصاً اس کا پویلین اور آؤٹ فیلڈ مثالی ہے۔ بہت جلد یہاں فرسٹ کلا س میچز کے انعقاد کی کوشش کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمیل احمد ، ٹورنامنٹ سیکریٹری نے کہا پروفیسر اعجاز فاروقی لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد جونیئر کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپورمواقع فراہم کرنا ہیں۔اس ٹورنامنٹ میں زون2سے تعلق رکھنے والی 34ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ٹورنامنٹ میں جملہ 63میچز کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ پر آنے والے جملہ اخراجات پروفیسر اعجاز فاروقی کی جانب سے ادا کیے جائیں گے۔جمیل احمد نے مزید کہا کہ قومی سطح پر ہمارے جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کو ان کا جائز مقام ملنا چاہیے۔اگر کسی کھلاڑی کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے تو اس میں احساس محرومی پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ ٹی ایم سی گراؤنڈ کو ہر اعتبار سے مثالی گراؤنڈ بنائیں۔ہم نے گذشتہ دو سالوں میں ٹی ایم سی گراؤنڈ کی حالت تبدیل کردی ہے۔پانچ وکٹوں کا نیا اسکوائر بنایا ہے۔آؤٹ فیلڈ بہتر کی ہے۔پویلین کو فرسٹ کلاس معیار کا بنادیا ہے اور کوشش کررہے ہیں کہ اس میں مزید بہتری لائی جائے۔اس کے ساتھ ساتھ ہم نے ٹی ایم سی گراؤنڈ پر اکیڈمی کے قیام کا آغاز کردیا ہے۔اس موقع پر مشیر ربانی، مہتاب احمد، محمد توصیف صدیقی، لیاقت علی، ظہیر الدین، آصف علی خان، ڈاکٹر عارف حفیظ، عارف وحید، سید شاہد علی، شہزاد عالم، مسرت رضا، جاوید اقبال، منیر احمد، محمد نظام، سعید علی، عبدالواحد، حنیف الرحمن، اعظم خان، ہیڈ کوچ کراچی ریجن فرید الدین، عفنان احمد، حسین مرچنٹ ودیگر بھی موجود تھے۔بعدازاں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں سرسید کرکٹ کلب نے دلچسپ مقابلے کے بعد ینگ کواپریٹرز سی سی کو 7رنز سے شکست دے دی۔ سر سید سی سی نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 38.4اوورز میں 204رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔محمد اسد 67رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے۔شمیل خان 28اورذیشان خان نے26رنز کی اننگز کھیلی۔ یاسین خان نے 5وکٹیں 28رنز کے عوض حاصل کیں۔ امداد علی اورنعمت اﷲ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ینگ کواپریٹرز سی سی کی جوابی بیٹنگ مقررہ اوورز میں 8وکٹوں پر 197رنز پر محدود رہی۔ جمیل بگٹی 85رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔شہزاد زیدی نے 31اور حنیف الرحمن نے 26رنز کے ساتھ بھرپور مزاحمت کی۔محمد اسد نے 3کھلاڑیوں کو 17رنز کے عوض میدان بدر کیا۔واجد سلیم کو 43رنز پر 2وکٹ ملے۔ایمپائرز محمد یونس اور ضیاء عباس تھے۔