کرپشن کسی بھی سوسائٹی کے لیے بڑا ناسور ،ملک میں 35سال مارشل لاء رہا لیکن بعد میں کرپشن پہلے سے بھی زیادہ تھی:احسن اقبال

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو آئندہ 2018ء کے عام انتخابات کے لئے تیاری کرنی چاہئے ،کسی چیز کو گرانے کا نہیں سسٹم کا چلتے رہنا ہی بہترین انقلاب ہے،کرپشن کسی بھی سوسائٹی کے لیے بڑا ناسور ہے،ملک میں 35سال تک مارشل لاء رہا لیکن جب مارشل لاء ختم ہوا تو کرپشن پہلے سے بھی زیادہ تھی۔

مقامی ہوٹل میں ’’موونگ ٹو ورڈز پراگریس پاکستان‘‘کے موضوع پر منعقدہ نشست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے کیس سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر سماعت ہے، ہمیں ملکی اداروں اور اعلیٰ عدلیہ پر اعتماد ہونا چاہئے،کوئی بھی شخص کسی بھی ادارے سے بڑا نہیں ہوسکتا،تنازعات و معاملات اداروں کے ذریعے ہی حل ہونے چاہئیں اور اداروں کے ذریعے ہی دیکھنا چاہئے کہ کون سچا ہے اور کون جھوٹا؟۔ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ باقی سیاسی جماعتوں کی طرح پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی رول آف لاء پر یقین رکھنا چاہئے اور معاملات قانون کے ذریعے ہی حل کرنے چاہئیں جبکہ پیپلز پارٹی کو سمجھنا چاہئے کہ سب کا اس بات پر اتفاق ہے،پانامہ لیکس کے مسئلہ کو بھی قانون کی حکمرانی کے ذریعے ہی حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ حکومت کی آئینی مدت پوری دیکھنا چاہتے ہیں اور 2018ء کے انتخابات میں عوام ہی فیصلہ کریں گے کہ کونسی حکومت اچھی ہے اور کون سی بری؟انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کے تسلسل کو برقرار رہنا چاہئے اور ملکی اداروں سے ہٹ کر کسی تصادم کی طرف نہیں جانا چاہئے، انتخابی اصلاحات کے لئے پیکیج جلد مکمل ہو نا چاہئے تاکہ آنے والے انتخابات کی شفافیت پر سب جماعتوں کو اعتماد ہو، ملکی ترقی کے لئے اصلاحات اور سیاسی استحکام بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کسی بھی سوسائٹی کے لئے بڑا ناسور ہے، ملک میں 35سال تک مارشل لاء کی حکومت رہی لیکن جب مارشل لاء ختم ہوا تو کرپشن پہلے سے بھی زیادہ تھی،اداروں کے استحکام سے ہی کرپشن کا خاتمہ ممکن ہے،سب کا اتفاق ہے کہ کرپشن کیسز پر سپریم کورٹ آف پاکستان کو جائزہ لینا چاہئے اور سب کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں آئیڈیاز کی کشمکش رہتی ہے ،مباحثوں کا ہر ملک اور معاشرے کو سامنا کرنا پڑتا ہے ،جمہوریت پر چلتے رہنے سے امن اور ترقی ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اکنامک مشین بننے کی ضرورت ہے،ہم ترقی پذیر ملک ہیں،بعض معاملات پر کچھ حلقے مایوسی ظاہر کرتے ہیں لیکن بہت سی چیزیں مثبت بھی ہیں۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.