اسلام آباد (بی ایل ٰآئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ سیاحت سے پورا کریں گے ، دنیا میں سبز پاسپورٹ کی عزت کرائیں گے ، اووسیز پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ ”پاکستان بناﺅ سرٹیفکیٹ “ خرید یں، کسی حکومت کواتنے خسارے کا سامنا نہیں کرنا پڑا ، توازن ادائیگیوں کا بحران ابھی ختم نہیں ہوا ، پاکستان کی یہ حالت کرپشن اور بدنظمی کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی شوکت خانم ہسپتال کا آدھا خسارہ تین ارب روپے بھیجتے ہیں، یہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے مشکل وقت ہے ، اس کی وجہ یہ ہے کہ کسی حکومت کو ملکی تاریخ میں اتنے خساروں کا سامنا نہیں کرنا پڑا ، اوور سیز پاکستانی ملک سے بہت محبت کرتے ہیں، آئی ایم ایف کی شروع میں شرائط بہت مشکل تھیں اور ہمارے پاس آئی ایم ایف کے پاس جانے کا آسان راستہ تھا لیکن ہمیں لوگوں کی مشکلات کا احساس تھا ، اس لئے ہم نے کوشش کی کہ دیگر ممالک سے رابطہ کرکے اپنی مشکلات کم کریں ، اس وقت بھی خسارہ ختم نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہمارے ملک کی عزت تھی اور جس طرح یہ ملک آگے جا رہا تھا کہ باہر کے ملکوں میں ہمار ے سربراہوں کی عزت ہوتی تھی ، موجود ہ حالات بد انتظامی اور کرپشن کی وجہ سے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بہت خوبصورتی دی ہے ، دنیا کی آدھی بلند ترین چوٹیاں ہیں، ہماری پہاڑی سیاحت سوئٹر زلینڈ سے دگنا ہے ، پشاور دنیا کا قدیم ترین شہرہے ، لاہور اور ملتان بھی قدیم ترین ہیں جو کچھ ہمارے پاس ہے ، وہ دنیا میں کہیں نہیں ہے ، ہم نے دنیا کیلئے پاکستان کھول دیا ہے ، ہم سیاحت سے ہی اپنا خسارہ پورا کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 12کروڑ پاکستانی نوجوان ہیں ، یہ صورتحال سرمایہ کاری کیلئے موزوں ہے ، ہم سرمایہ کاروں کیلئے آسانیا ں پیدا کررہے ہیں، میں اوور سیز پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمارے سرٹیفکیٹس خریدیں اور ملک میں آکر سرمایہ کاری کریں ، پاکستان اوپر جاتاہے تو دنیا میں پاکستانیوں کی عزت بڑھتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ نائن الیون کے بعد پاکستانیوں پر کیا گزری ؟ہم اپنے سفارتخانوں کو ہدایات دے رہے ہیں کہ اوور سیز پاکستانیوں کو مکمل طور پر سہولیات فراہم کریں ، ہم اوور سیز پاکستانیوں کیلئے مزید سہولیات بڑھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں زلفی بخاری کوداد دیتا ہوں کہ وہ اوور سیز پاکستانیوں کیلئے سہولیات پیدا کررہے ہیں، زراعت کیلئے چین سے ٹیکنالوجی لانے پر بات کررہے ہیں ، دنیا میں سبز پاسپورٹ کی عزت کرائیں گے اور اب ہم کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گے ۔
وزیر اعظم کا کہناتھا کہ ہمارے لئے بڑا بہترین تجربہ ہے کہ مجھ ایک ایک ڈیپارٹمنٹ کا پتہ چل گیاہے کہ ہم کیوں فیل ہوئے ، یہ ادارے اب اوپر جائیں گے اور آپ دیکھیں گے کہ یہی ملک پھر اوپر جائے اور ہم پورے خطے کیلئے مثال بنیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اوور سیز پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ وہ پاکستان بناﺅ سرٹیفکیٹ خریدیں اس سے جہاں ہم کومدد ملے گی ، وہاں ان کوبھی بہترین ریٹرن ملے گا ۔