کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں خستہ حال عمارت گرنے سے 3 افراد جاں بحق

کراچی: لیاقت آباد 9 نمبر سریا گلی میں واقع 3 منزلہ خستہ حال رہائشی عمارت زوردار دھماكے سے نیچے آگری جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد 9 نمبر سریا گلی میں واقع 3 منزلہ خستہ حال رہائشی عمارت زوردار دھماکے سے نیچے آ گری جس کے نتیجے میں ملبے تلے دبنے سے عمارت میں موجود 3 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں ملبے سے نکالنے کے بعد فوری طبی امداد کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان میں سے 2 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ایدھی ذرائع کے مطابق عمارت کے ملبے تلے دبنے سے جاں بحق ہونے والے 3 افراد میں 13 سالہ ایان جبکہ زخمیوں میں شعیب، زین، اکبر، صفدر، نذیر، محمد علی اور واجد شامل ہیں تاہم مزید کسی حادثے سے بچنے کے لیے اطراف کی عمارتوں کو خالی کرایا جارہا ہے۔

دوسری جانب ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت گرنے کے نتیجے میں کئی افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جو کہ مدد کے لیے پکار رہے ہیں، جنہیں تلاش کرکے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم تنگ گلیوں کے باعث ریسکیو عملے کو امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

علاوہ ازیں مقامی شہری اور رینجرز کے جوان بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں تاہم حادثے کی اطلاع ملنے کے 2 گھنٹے کے بعد سرکاری عملے سمیت انتظامیہ کی جانب سے بھاری مشینری جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے جس کی مدد سے امدادی کارروائیوں میں تیزی آ گئی ہے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.